اسلام آباد : وزیراعظم شہبازشریف نے ملک میں آٹے کی قیمتوں میں اضافے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے قیمت حکومتی اعلان کے مطابق کرنے کیلئے سخت اقدامات کی ہدایت کردی۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف نے ملک میں آٹے کی قیمتوں میں اضافے کا سخت نوٹس لے لیا اور متعلقہ وزارتوں اور وزرا سے رپورٹ طلب کرلی۔
ملک میں آٹے کی قیمت حکومتی اعلان کے مطابق کرنے کیلئے سخت اقدامات کی ہدایت کرتے ہوئے کہا عوام کو لوٹنے کی اجازت نہیں دیں گے۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ عوام کو حکومتی نرخوں پر آٹے کی فراہمی یقینی بنائی جائے جبکہ احکامات پر عملدرآمد کی رپورٹ آج ہی پیش کرنے کی ہدایت کی۔
یاد رہے ملک کے مختلف شہروں میں آٹے کی قیمت ریکارڈ سطح پر پہنچ گئی اور شہری مہنگا آٹا خریدنے پر مجبور ہے۔
سندھ کے شہری مہنگا آٹا خریدنے پر مجبور ہوگئے ، کراچی میں 20 کلو آٹا 17 سو روپے تک جا پہنچا جبکہ راولپنڈی اوراسلام آباد میں آٹا سستا نہ ہوسکا، اسلام آباد میں 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت1566 روپے اور راولپنڈی میں 1533 روپے تک ہے۔
اسی طرح پنجاب کے دیگرشہروں میں آٹے کی قیمت میں استحکام رہا، گوجرانوالہ میں 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت980 روپے ، لاہور، فیصل آباد، سیالکوٹ ، سرگودھا ، ملتان،بہاولپور میں قیمت 980 روپے تک ہے۔