اتوار, مئی 11, 2025
اشتہار

دشمن کے ساتھ وہی کیا جو ایک باوقار قوم کو زیب دیتا ہے، شہباز شریف

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد : وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ہم نے دشمن کے ساتھ وہی کیا جو ایک باوقار قوم کو زیب دیتا ہے۔ 

وزیرِاعظم پاکستان محمد شہباز شریف نے قوم سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج پاکستانی قوم کو مبارک باد پیش کرتا ہوں، پوری قوم افواجِ پاکستان کے ساتھ سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن کر کھڑی ہے۔

انہوں نے کہا کہ غیور پاکستانیوں کو دل کی گہرائیوں سے سلام پیش کرتا ہوں، دنیا پر ثابت کردیا کہ پاکستانی ایک خودار قوم ہے، کوئی ہماری خود مختاری کو چیلنج کرے تو اپنے دفاع میں سیسہ پلائی دیوار بن کر دشمن پر غالب آتے ہیں۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پہلگام واقعےکو بہانہ بنا کر بھارت نے ہم پرجنگ مسلط کرنے کی کوشش کی دشمن نے جو کچھ کیا وہ بزدلانہ اور شرمناک فعل تھا، ہماری دلیر اور بہادر افواج نے دشمن کو بھرپور جواب دے کر سنہرا باب رقم کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پہلگام واقعے پر شفاف اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کی پیشکش کی، بھارت کے بےبنیاد الزامات پر صبر وتحمل کا مظاہرہ کیا، بھارت نے جہازوں، ڈرون اور میزائل سے بےگناہ پاکستانیوں کو نشانہ بنایا، بھارت نے ہماری فوجی تنصیبات اورآبی ذخیروں کو بھی نشانہ بنانے کی ناکام کوشش کی۔

انہوں نے کہا کہ اس تمام صورتحال کے تناظر میں ہم نے فیصلہ کیا کہ دشمن کو اسی زبان میں جواب دینگے جو وہ واضح سمجھتا ہے، ہم نے فیصلہ کیا کہ جو بات میز پر ہونی تھی وہ اب میدان جنگ میں ہوگی، پاکستان کےبہادر جوانوں کامقابلہ کون کرسکتا ہے، جھپٹنا پلٹنا اور پلٹ کر جھپٹنا کیا ہوتا ہے یہ ہمارے جوانوں نے ثابت کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ جوابی کارروائی میں پاکستان کی مسلح افواج نے ایک ڈیڑھ گھنٹے کے اندر متعدد بھارتی عسکری اڈوں کو ملبے کا ڈھیر بنا دیا، دشمن کے رافیل ہمارے شاہینوں کے نشانے پر آئے تو فیل ہوگئے۔

یہ کارنامہ افواج پاکستان کی کامیابی کے ساتھ ساتھ پوری پاکستانی قوم کی فتح ہے، یہ عظیم لمحہ شکر ہے جس کیلئےعوام نے اپنےشیروں اور شاہینوں پر والہانہ محبت کے پھول برسائے، پوری قوم افواج پاکستان کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑی ہے، الحمدللہ رب ذوالجلال کا جتنا بھی شکرادا کریں کم ہے۔

انہوں نے کہا کہ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا، آرمی چیف جنرل عاصم منیر، ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر، نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف اور ہرجری جوان اور ہر افسر کو خراج تحسین اور سلام پیش کرتا ہوں۔ جنرل عاصم منیرکا دل کی اتھا گہرائیوں سے شکریہ ادا کرتا ہوں کہ یہ عظیم معرکہ سر ہوا۔ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر اور ان کے شاہینوں کو گرمجوشی سے شاباش دیتا ہوں۔

وزیر اعظم نے کہا کہ ملک بھر کی سیاسی قیادت اور پارلیمان کا دلی طور پر شکریہ ادا کرتا ہوں، سیاسی قائدین نے بے مثال اتحاد کا مظاہرہ کیا، اپنے قائد نواز شریف اور صدر مملکت آصف علی زرداری کی مدبرانہ مشاورت کا شکریہ ادا کرتا ہوں، صحافیوں اور سوشل میڈیا صارفین کا بھی شکریہ جنہوں نے بھارت کی جعلی خبروں کا مقابلہ ذمہ دارانہ رپورٹنگ سے کیا۔

وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ جنگ بندی کیلئے مخلصانہ کردار ادا کرنے پر امریکی صدر ٹرمپ کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں۔

اس کے علاوہ انتہائی مخلص اور برادر ممالک سعودی عرب، یو اے ای، ترکیہ اور قطر کا شکریہ ادا کرتا ہوں، سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ، برطانیہ سمیت دیگر دوست ممالک کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں۔

محمد بن سلمان، محمد بن زید،شیخ تمیم، رجب طیب اردوان نے اہم موقع پر ہماری بھرپور حوصلہ افزائی کی، محمد بن سلمان،محمد بن زید،شیخ تمیم، رجب طیب اردوان نے بھائیوں کے طور پر پاکستان کا بھرپور ساتھ دیا ان کا دل کی گہرائیوں سے شکر گزار ہوں۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں