جمعرات, مئی 15, 2025
اشتہار

افغان صدرنے طالبان سے مذاکرات کی پاکستانی پیشکش قبول کرلی، خاقان عباسی

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد : وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ افغان صدر اشرف غنی سے ملاقات اچھی رہی، اس بات پراتفاق ہوا کہ افغان مسئلے کا حل جنگ میں نہیں ہے، افغانستان نے طالبان کے ساتھ معطل شدہ امن مذاکرات کو بحال کرنے کی پاکستانی پیشکش قبول کر لی ہے۔

یہ بات انہوں نے اسلام آباد میں میڈیا سے اپنے دورہ افغانستان سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہی، وزیراعظم نے کہا کہ دورہ افغانستان کے موقع پر افغان صدر اشرف غنی، چیف ایگزیکٹو عبداللہ عبداللہ اور دیگر سے بھی ملاقاتیں ہوئیں۔

افغان قیادت کے ساتھ تمام امور پرکھل کر بات ہوئی، اس بات پراتفاق ہوا کہ افغان مسئلےکاحل جنگ میں نہیں ہے،وزیراعظم کا کہنا تھا کہ افغانستان میں امن واستحکام وہاں کے عوام اور پاکستان کیلئے ضروری ہے، انہوں نے کہا کہ کوشش ہے کہ افغان رہنما مل بیٹھ کر اس مسئلے کو حل کریں، ہم بھی مدد کو تیار ہیں۔

وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ افغان قیادت سے ریل اور شاہراہوں کے ذریعے روابط کے فروغ پر بات چیت ہوئی، تاپی سمیت توانائی کے منصوبوں کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال ہوا، ہمارا مطمع نظرخطے کے عوام کی خوشحالی ہے۔

وزیراعظم شاہدخاقان عباسی نے کہا کہ امید ہے یہ دورہ پاک افغان تعلقات میں اہم سنگ میل ثابت ہوگا اور ہماری ملاقات بداعتمادی کی فضا دور کرنے میں مددگار ثابت ہوگی۔

ایک سوال کے جواب میں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ سینیٹ انتخابات میں ووٹ بیچنے اورخریدنے والوں کو عوام پہچان چکے ہیں، اس ملک میں جمہوریت ہے اور جمہوریت رہے گی، عام انتخابات جولائی میں ہوں گے اور اس وقت عوام یہ فیصلہ کریں گے کہ وہ گالیوں کی سیاست چاہتے ہیں یا خدمت کی۔

واضح رہے کہ افغانستان میں مغربی دنیا کی حمایت یافتہ حکومت کا الزام ہے کہ افغانستان کی سرحد سے متصل پاکستان کے قبائلی علاقہ جات میں جنگجوؤں کے ٹھکانے موجود ہیں، جو افغانستان میں سرحد پار سے کارروائی کرتے ہوئے حکومتی اور غیر ملکی اہداف کو نشانہ بناتے ہیں۔

پاکستان البتہ ان الزامات کو رد کرتا ہے، دوسری طرف پاکستانی حکومت کا کہنا ہے کہ کابل حکومت افغانستان میں موجود پاکستانی طالبان جنگجوؤں کے خلاف مناسب کارروائی نہیں کر رہی، جو وقتاً فوقتاً پاکستان میں دہشت گردانہ حملے کرتے رہتے ہیں۔

یاد رہے کہ وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے جمعے کے دن اپنے دورہ افغانستان کے دوران کابل میں صدر اشرف غنی سے ملاقات کی تھی۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں