منگل, مئی 14, 2024
اشتہار

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی نیپالی ہم منصب سے ملاقات

اشتہار

حیرت انگیز

کھٹمنڈو : وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے اپنے نیپالی ہم منصب کھدگا پرساد شرما سے ملاقات کی، اس موقع پرسیاسی، معاشی، دفاعی، ثقافتی شعبوں میں دو طرفہ تعاون بڑھانے پراتفاق کیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی جو ان دنوں نیپال کے دو روزہ دورے پر ہیں نے نیپال کے نومنتخب وزیر اعظم کھدگا پرساد شرما سے خصوصی ملاقات کی ہے، دونوں رہنماؤں کی ملاقات میں دوطرفہ اہمیت کے تمام امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر دونوں ممالک کے درمیان سیاسی، معاشی، دفاعی اور ثقافتی شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق بھی کیا گیا، شاہد خاقان عباسی نے کھدگا پرساد شرما کو نیپال کا نیا وزیراعظم منتخب ہونے اور جمہوری عمل کی تکمیل پرمبارکباد دی۔

- Advertisement -

اس سے قبل وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی دو روزہ دورے پر جب نیپال پہنچے تو ہوائی اڈے پر نیپال کے وزیر خارجہ یوباراج خطیوادا نے ان کا پرتپاک استقبال کیا، اپنے دورے کے دوران وزیراعظم خاقان عباسی نیپال کی صدر بدیادیوی بھنڈاری سے بھی ملاقات کرینگے۔

بعد ازاں وزیر اعظم کے اعزاز میں ایک استقبالیہ تقریب کا بھی اہتمام کیا گیا جس میں انہیں اکیس توپوں کی سلامی اور گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا۔

وزیر اعظم کے دورہ نیپال کے حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کے دورہ نیپال سے تجارت، تعلیم، سیاحت، دفاع اور عوامی روابط سمیت باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں دونوں ملکوں کے تعلقات کو فروغ ملے گا اور وہ مستحکم ہونگے۔

دورے کے موقع پر سارک کو ایک اہم علاقائی تنظیم کی حیثیت سے دوبارہ فعال کرنے کے امور پر بھی غور کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ نیپال خطے کا ایک اہم ملک ہے اور پاکستان کے اس کے ساتھ تعلقات دوستی، باہمی احترام اور مشترکہ مفادات سے عبارت ہیں۔ دونوں ملک باہمی اور کثیرجہتی فورمز پر بھی ایک دوسرے کی حمایت کرتے ہیں۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں