اسلام آباد: نوازشریف کی نااہلی کے بعد وزیراعظم کا عہدہ سنبھالنے والے شاہد خاقان عباسی کو وزیراعظم ہاؤس میں منعقد ہونے والی خصوصی تقریب میں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق یکم اگست کو وزارت عظمیٰ کے عہدے کا حلف اٹھانے والے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی پہلی بار وزیراعظم ہاؤس پہنچے تومسلح افواج کےچاق و چوبند دستے نے انہیں سلامی دی۔ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے گارڈ آف آنر کا معائنہ کیا۔
خیال رہے کہ یکم اگست کو اسپیکرقومی اسمبلی کی صدارت میں ہونے والے اجلاس میں نئے وزیراعظم کے انتخاب کے لیے ووٹنگ ہوئی جس میں مسلم لیگ ن کے شاہد خاقان عباسی 221 ووٹ حاصل کرکے وزیراعظم منتخب ہوئے تھے۔
مزید پڑھیں: شاہد خاقان عباسی نے وزارت عظمیٰ کے عہدے کا حلف اٹھا لیا
بعدازاں وزیراعظم منتخب ہونے کے بعد قومی اسمبلی سے خطاب میں شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ ’میں عوام کے وزیراعظم نواز شریف کا شکرگزار ہوں جبکہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں جو ہمیں روز تنقید کا نشانہ بناتے ہیں‘۔
تمام ادارے ایک کشتی کے سوار ہیں،کشتی ڈوب جائے توسب کا نقصان ہے،شاہد خاقان عباسی
یاد رہے کہ نواز شریف کے وزیراعظم کے عہدے سے مستعفی ہونے کے بعد 29 جولائی کو مسلم لیگ ن نے اس عہدے کے لیے شہباز شریف کے نام کا اعلان کردیا تھا تاہم فوری طور پر شاہد خاقان عباسی کو وزیراعظم نامزد کیا تھا۔
پاناما کیس: وزیراعظم نوازشریف نا اہل قرار
واضح رہے کہ سپریم کورٹ کی جانب سے نواز شریف کو نااہل قرار دیے جانے کے بعد صدرممنون حسین نے نئے قائد ایوان کے انتخاب کے لیے قومی اسمبلی کا اجلاس طلب کیا تھا۔