جمعرات, جون 20, 2024
اشتہار

’عوام کے پیسوں پرعیاشی نہیں ہوگی، قوم کا ایک دھیلہ امانت جان کر خرچ کرینگے‘

اشتہار

حیرت انگیز

وزیراعظم شہباز شریف نے قوم سے خطاب میں کہا کہ عوام کے پیسوں پر عیاشی نہیں ہوگی، قوم کا ایک ایک دھیلہ امانت جان کر خرچ کریں گے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے قوم سے خطاب میں کہا کہ ہم نے مستقبل کا راستہ طے کرلیا ہے جس پر پوری ایمانداری اور سختی سے چلیں گے، نجی شعبے کے کاروبار کو فروغ اور سہولت دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ سرخ فیتے اور بدعنوانی کا خاتمہ کریں گے، قرض اور امداد کے بجائے تجارت ہمارا ذریعہ آمدن ہوگا اور یہ ہوکر رہے گا۔

- Advertisement -

شہباز شریف نے کہا کہ شفاف نجکاری کا عمل مزید تیز ہوگا، اربوں روپے کا خسارہ قوم پر نہیں لادیں گے، ملکی وسائل پر انحصار بڑھائیں گے تاکہ درآمدی اخراجات کو کم کیا جاسکے۔

وزیراعظم نے کہا کہ پانچ سال میں نوجوانوں کو تعلیم، ہنرمندی اور روزگار دے کر بے روزگاری کی کمر توڑ دیں گے، مسلسل محنت، جدوجہد، قربانی کو اپنا اوڑھنا بچھونا بنانا ہوگا ایسے ہی کامیابی ہمارے قدم چومے گی۔

انہوں نے کہا کہ ہر اس عظیم پاکستانی کو سلام پیش کرتا ہوں جو ٹیکس دے کر ملک سے وفاداری نبھاتا ہے، ہر اس افسر، کلرک، سرکاری اہلکار کو سلام پیش کرتا ہوں جو فرض نبھاتا ہے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ہر غریب شہری کو سلام پیش کرتا ہوں جو اپنا پیٹ کاٹ کر بجلی گیس کے بل ادا کرتا ہے، ہر اس دکاندار کو سلام جو قوم پر مہنگائی کا بوجھ نہیں ڈالتا، ان عظیم شہیدوں کو سلام جو دہشت گردی کے خاتمے کے لیے جانیں قربان کررہے ہیں۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں