بیجنگ : وزیراعظم شہباز شریف اور چینی وزیر اعظم لی چیانگ کی وفود کی سطح پر ملاقات میں سی پیک اپ گریڈ کرکے مزید تعاون بڑھانے پر اتفاق کرلیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف اور چینی وزیراعظم لی چیانگ کےدرمیان وفود کی سطح پر ملاقات ہوئی۔
ملاقات میں دوطرفہ تعلقات ، معیشت ،تجارت سمیت دیگر امور پر بات چیت ہوئی۔
وزیراعظم لی نے پاکستان کو اقوام متحدہ سلامتی کونسل کاغیر مستقل رکن منتخب ہونے پر مبارکباد دی اور دونوں رہنماؤں نے اہم معاملات پر ایک دوسرے کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا۔
ملاقات میں چین پاکستان اقتصادی راہداری کی اعلیٰ معیار کی ترقی کیلئے مسلسل عزم اور حمایت کا اظہار کرتے ہوئے سی پیک کو اپ گریڈ کر کے مزید تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔
گوادر کی سی پیک کے ایک اہم ستون کے طور پر اہمیت پر تبادلہ خیال کیا گیا اور گوادر کو علاقائی اقتصادی مرکز میں تبدیل کرنے کیلئے منصوبوں کی بروقت تکمیل پر اتفاق ہوا۔
وزیراعظم نے سی پیک کے مخالفین کے خلاف اپنے پختہ عزم کا بھی اظہار کرتے ہوئے چینی باشندوں اور منصوبوں کی حفاظت یقینی بنانے کیلئےغیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا۔
دونوں فریقین کی جانب سے اعلیٰ سطح کےتبادلوں کو برقرار رکھنے ، علاقائی ،عالمی مسائل اور کثیر الجہتی فورمز پر بھی قریبی مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق ہوا۔