اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے عوام کو تیل کی قیمتوں میں فائدہ پہنچانے کا اعلان کردیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب میں کہا کہ عوام کو تیل کی قیمتوں میں فائدہ پہنچائیں گے، کوشش ہے قیمتوں میں کمی کا فائدہ براہ راست عوام کو پہنچے۔
انہوں نے کہا کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی سے دیرپا فائدے کے لیے تجاویز لی جارہی ہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ چند دن قبل ہم نے بجلی کی قیمتوں میں ساڑھے 7 روپے کمی کی، قیمتوں میں مزید کمی کے لیے بھی توجہ دی جارہی ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ توانائی کے شعبے میں پائیدار اصلاحات کے لیے ٹاسک فورس بنائی گئی، جس کی کاشوں سے بجلی نرخوں میں حالیہ کمی ممکن ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ میری ٹائم سیکٹر میں پائیدار اصلاحات کے لیے ٹاسک فورس کام کررہی ہے، سمندر سے جڑی اکانومی میں جمود ختم کرنےکے لیے اصلاحات پرکام جاری ہے، اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو طویل ساحل، سمندر اور دیگرلامحدود وسائل عطا کیے ہیں، عالمی معیشت کی ترقی سمندری وسائل اور ان تک رسائی سے جڑی ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ ملک کی بندرگاہوں کو مسابقتی معیار پر لانے کے لیے تجارتی ٹیرف پر نظر ثانی کی جائے۔
علاوہ ازیں وزیراعظم نے بندرگاہوں پر موجود کنٹینرز کو جلد نیلام کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ تمام بندرگاہوں پر جدید ترین اسکینر لگانے کی رفتار کو تیز کیا جائے۔