باکو : وزیر اعظم شہباز شریف کوپ 29 اجلاس میں شرکت کے لئے آذربائیجان پہنچ گئے، اجلاس میں وہ پاکستان کو لاحق موسمیاتی تبدیلی کے خطرات پرروشنی ڈالیں گے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف سعودی عرب سے آذربائیجان کے دارلحکومت باکو پہنچ گئے، آذربائیجان کے وزیر دفاعی صنعت وگار والح اوعلونے وزیراعظم کا استقبال کیا، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وزیر اطلاعات عطاتارڑ اور معاون خصوصی طارق فاطمی بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہیں۔
وزیراعظم دورہ آذربائیجان کے دوران کوپ 29 اجلاس میں شرکت کریں گے اور ماحولیاتی آلودگی سے متعلق اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے، جس میں پاکستان کولاحق موسمیاتی تبدیلی کے خطرات پرروشنی ڈالیں گے۔
وزیرِاعظم کوپ 29 کے کلائمیٹ ایکشن سربراہی اجلاس میں شریک ہوں گے اور کوپ 29 کے سربراہی اجلاس سےخطاب بھی کریں گے۔
اس کے علاوہ وزیراعظم پاکستان کی جانب سے منعقد کلائمیٹ فنانس گول میز کانفرنس کی میزبانی کریں گے، کلائمیٹ فنانس گول میز کانفرنس میں متعدد عالمی رہنما شریک ہوں گے۔
وزیراعظم "گلیشیئرز 2025، گلیشیئرز کیلئے اقدامات” کی تقریب میں شرکت کریں گے ، تاجک صدر امام علی رحمان کی جانب سے گلیشیئرز کے تحفظ کیلئے تقریب منعقد کی جائے گی۔
وزیراعظم یو این سیکرٹری جنرل کی جانب سےعالمی درجہ حرارت پر منعقدہ تقریب میں بھی شریک ہوں گے جبکہ کوپ 29 میں شریک عالمی رہنماؤں سے دو طرفہ ملاقاتیں بھی کریں گے