اسلام آباد: ن لیگ اور پیپلزپارٹی کے درمیان مسائل کے حل کے لیے وزیراعظم شہباز شریف نے کمیٹی قائم کردی۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق کمیٹی کے ارکان میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وزیر دفاع خواجہ آصف، وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ اور احد خان چیمہ شامل ہیں۔
انجینئر امیر مقام، رانا ثنا اللہ، ملک محمد احمد خان، مریم اورنگزیب، خواجہ سعد رفیق بھی کمیٹی میں شامل ہیں۔
جعفر خان مندوخیل اور بشیر احمد میمن بھی کمیٹی کے ارکان کا حصہ ہیں۔
کمیٹی کو پیپلزپارٹی کے ساتھ مشاورت کے بعد مسائل کے حل کی ذمہ داری سونپی گئی ہے، کمیٹی پیپلزپارٹی کے تعین کردہ ممبران سے گفتگو کے بعد آئندہ کا لائحہ عمل طے کرے گی۔
بلاول بھٹو زرداری نے موجودہ حالات میں وزیر اعظم شہباز شریف سے ملاقات کرنے سے انکار کر دیا تھا۔
ذرائع نے اے آر وائی نیوز کو بتایا تھا کہ بلاول بھٹو کی تنقید کے بعد وفاقی حکومت کی جانب سے ملاقات کی درخواست کی گئی تھی۔ حکومت نے چیئرمین پیپلز پارٹی کو وزیر اعظم شہباز شریف سے ملاقات کی پیشکش کی گئی تھی لیکن انہوں نے انکار کر دیا۔
بلاول بھٹو نے وفاقی حکومت اور وزیر اعظم شہباز شریف سے مذاکرات کیلیے کمیٹی تشکیل دی تھی۔
انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ میرا حکومت سے کوئی ذاتی مسئلہ نہیں ہے، میرے ووٹرز اور ہماری صوبائی حکومتوں کی مسلم لیگ (ن) سے شکایات ہیں۔
سابق وزیر خارجہ نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) پنجاب اور خیبر پختونخوا افسران اور انتظامی امور میں ہمیں نظر انداز کر رہی ہے، اتحاد میں طے ہوا تھا کہ خیبر پختونخوا اور پنجاب میں انتظامی معاملات میں پیپلز پارٹی بھی حصہ دار ہوگی۔
ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) دونوں صوبوں کے معاملات میں ہمارے گورنرز سے مشاورت نہیں کر رہی، سندھ اور بلوچستان کے پی ایس ڈی پی منصوبوں پر پیپلز پارٹی کو تحفظات ہیں۔