ہفتہ, جنوری 18, 2025
اشتہار

’چین کو عمران نیازی نے اتنا ناراض کردیا تھا کہ آپ حیران ہوجائیں گے‘

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ چین کو عمران نیازی نے اتنا ناراض کردیا تھا کہ آپ حیران و پریشان ہوجائیں گے۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے صوبہ خیبر پختونخواہ کے شہر ڈیرہ اسماعیل خان کا دورہ کیا، انہوں نے صوبے کے جنوبی حصوں میں مختلف منصوبوں کا سنگ بنیاد بھی رکھا۔

وزیر اعظم نے چشمہ رائٹ بینک کینال سے متعلق پراجیکٹس کا سنگ بنیاد رکھا، انہوں نے ڈیرہ اسماعیل خان میں ٹانک زام ڈیم، سی پیک کے مغربی روٹ موٹر وے یارک سگو سیکشن اور گومل یونیورسٹی پہاڑ پور کیمپس کا سنگ بنیاد رکھا۔

- Advertisement -

وزیر اعظم نے عبدالخیل 132 کے وی اور بند کورائی 132 کے وی گرڈ اسٹیشنز اور حالیہ بارشوں اور سیلاب سے تباہ حال سڑکوں کی بحالی کے کام کا افتتاح بھی کیا۔

وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال نے وزیر اعظم کو ترقیاتی منصوبوں سے متعلق بریفنگ دی۔

ڈیرہ اسماعیل خان میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ آج ملک میں ترقی اور خوشحالی کی بنیاد رکھی جا رہی ہے، اس سے پہلے ڈی آئی خان کے لوگوں نے سیلاب کا سامنا کیا، پختونخواہ میں گورننس کی جو غلطیاں تھیں وہ سب نے دیکھیں۔

انہوں نے کہا کہ سیلاب سے تباہی کے اثرات اب بھی پورے پاکستان میں موجود ہیں، پہاڑی علاقوں میں آج بھی لوگ شدید سردی میں ٹھٹھر رہے ہیں، وفاقی حکومت نے 90 ارب روپے خرچ کر کے فی خاندان 25 ہزار امداد دی۔

وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ سیلاب سے تباہی بہت بڑی ہے، جتنے بھی وسائل جھونک دیں وہ کم ہیں، مخلوط حکومت اور صوبوں کے ساتھ مل کر سیلاب متاثرین کی بحالی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔

انہوں نے کہا کہ سنہ 2018 کے بعد ملک میں ترقی رک گئی تھی، برادر ممالک ہم سے ناراض ہوگئے تھے، چین کے دورے پر گیا تو چینی صدر اور وزیر اعظم نے بہت عزت دی، چین کو عمران نیازی نے اتنا ناراض کردیا تھا کہ آپ حیران پریشان ہوجائیں گے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ 11 اپریل کو حلف اٹھایا تھا تو احساس نہیں تھا معیشت اتنی زیادہ تباہ ہوچکی ہے، پاکستان ڈیفالٹ ہونے کے قریب تھا، مخلوط حکومت نے پاکستان کو دیوالیہ ہونے سے بچایا۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے 22 کروڑ عوام کو پریشان ہونے کی ضرورت نہیں، آپ کا خادم، مخلوط حکومت اور ادارے پاکستان کو مشکل سے نکالیں گے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں