اسلام آباد : پنجاب میں بجلی نرخوں میں کمی کے اعلان پر وزیراعظم شہباز شریف کی وضاحت آگئی اور کہا پنجاب نے جو ریلیف دیا وفاق کا اس سے لینا دینا نہیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشر یف نے صوبے کی عوام کو بجلی کے بلوں میں چودہ روپے فی یونٹ کا ریلیف دیا ہے، اس کے بعد سے سندھ حکومت مسلسل مریم نواز شریف کو نشانہ بنارہی ہے۔
جس پر وزیراعظم شہباز شریف نے وضاحت دی ہے کہ پنجاب نے عوام کو جو ریلیف دیا وفاق کا اس سے لینا دینا نہیں، پنجاب نے اپنے وسائل سے بجلی کے بلوں میں ریلیف دیا، دوسرے صوبے بھی ریلیف دیں تو ہمیں خوشی ہوگی ۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پنجاب نے اپنے بجٹ سے پیسہ نکال کر ریلیف دیا ، دوسرے صوبے بھی ریلیف دیں، اچھے اقدامات پر سیاست نہ کریں۔
کابینہ اجلاس سے گفتگو میں انھوں نے کہا تھا کہ این ایف سی ایوارڈ کے تحت سب کو حصہ ملتا ہے، وفاق کی مشکلات سب کے سامنے ہیں، پی ایس ڈی پی میں پچاس ارب کی کٹوتی کرکےدو سو یونٹ تک صارفین کو ریلیف دیا۔
وزیراعظم نے بتایا کہ آئی ایم ایف کوآن بورڈلےکر آگے بڑھیں گےپی ٹی آئی کی طرح جاہلانہ قدم نہیں اٹھائیں گے، ایسے اقدامات کریں گے جس سےدیرپاحل سامنے آئے۔