اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف پاکستان ریزیلینٹ کانفرنس میں شرکت کے لیے جنیوا روانہ ہوگئے، وزیر اعظم کا کہنا ہے کہ کانفرنس میں سیلاب زدگان کے نقصانات، بحالی اور تعمیر نو کا فریم ورک سامنے رکھیں گے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف اعلیٰ سطح کے وفد کے ہمراہ اسلام آباد سے جنیوا کے لیے روانہ ہوگئے، وفد میں وزیر خارجہ بلاول بھٹو، وزیر خزانہ اسحٰق ڈار، وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی شیری رحمٰن اور وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب بھی شامل ہیں۔
وزیر اعظم 9 جنوری کو جنیوا میں ڈونرز کانفرنس میں شرکت کریں گے، کانفرنس کی میزبانی پاکستان اور اقوام متحدہ کر رہے ہیں۔
کانفرنس میں اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل سمیت مختلف ممالک کے سربراہان، وزرا، اعلیٰ نمائندے، عالمی مالیاتی ادارے، فاؤنڈیشنز، بین الاقوامی ترقیاتی تنظیمیں اور نجی شعبوں، سول سوسائٹی اور آئی این جی اوز کے نمائندے بھی شریک ہوں گے۔
ڈونرز کانفرنس کا مقصد پاکستان میں سیلاب متاثرین کی بحالی اور تعمیر نو ہے، کانفرنس میں موسمیاتی تبدیلیوں کا بھی جائزہ لیا جائے گا جبکہ پاکستان تعمیر نو اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں کی بحالی کا فریم ورک پیش کرے گا۔
کانفرنس میں بین الاقوامی تعاون اور طویل المدتی شراکت داری کی اہمیت پر زور دیا جائے گا۔
کانفرنس میں افتتاحی اجلاس کے بعد تعمیر نو اور سیلاب متاثرین کی بحالی میں شراکت کی دستاویز کا آغاز ہوگا، پارٹنر سپورٹ کے اعلانات بھی کیے جائیں گے۔
روانگی سے قبل وزیر اعظم شہباز شریف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ ریزیلینٹ پاکستان کانفرنس کے لیے جنیوا روانہ ہو رہا ہوں، سیلاب متاثرین کا مقدمہ دنیا کے سامنے پیش کریں گے۔
Leaving for Geneva today to co-host International Conference on Resilient Pakistan along with UN Secretary General. Will take the opportunity to present the case of flood victims before the world. I will also throw light on steps my govt has taken for relief & rehabilitation. 1/3
— Shehbaz Sharif (@CMShehbaz) January 8, 2023
وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ان اقدامات پر بھی روشنی ڈالوں گا جو تعمیر نو اور بحالی کے لیے کیے گئے، سیلاب زدگان کے نقصانات، بحالی اور تعمیر نو کا فریم ورک سامنے رکھیں گے۔ فریم ورک کا مقصد سیلاب متاثرین سمیت معیشت کی بحالی کے لیے امداد حاصل کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ دنیا کی تاریخ میں انسانیت ایک نہج پر ہے، ہمارے آج کے اقدامات ہماری آنے والی نسلوں کے مستقبل کی تشکیل کریں گے، بے مثال تباہی سے متاثر ہونے والے لاکھوں پاکستانی ہمدردی اور امداد کے منتظر ہیں۔
Humanity is at an inflection point in world history. Our actions today will shape the resilient future for our succeeding generations. Millions of Pakistanis affected by unprecedented devastation look for compassion & solidarity to build back better. 3/3
— Shehbaz Sharif (@CMShehbaz) January 8, 2023