ریاض : وزیراعظم شہباز شریف اور فرانس کے صدر میکرون کے درمیان ملاقات میں پاکستان اورفرانس کے درمیان بزنس ٹوبزنس روابط بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق سعودی دارالحکومت ریاض میں ون واٹر سربراہی اجلاس کے موقع پر وزیر اعظم شہباز شریف کی فرانس کے صدر ایمانوئل میکرون سے ملاقات ہوئی۔
وزیر اعظم نے ریاض میں ون واٹرسمٹ کی کامیاب مشترکہ میزبانی پر فرانسیسی صدر کو مبارکباد دیتے ہوئے موسمیاتی تبدیلی اور ترقیاتی امور پر فرانس کے قائدانہ کردار کو سراہا۔
وزیراعظم نے 2022 کے تباہ کن سیلاب کے تناظر میں فرانس کی پاکستان کی بھرپور حمایت کو سراہا، دونوں رہنماؤں نے زراعت اور لائیو اسٹاک کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا، آئی ٹی، پیشہ ورانہ مہارتوں میں ترقی اور پینے کے پانی کے شعبوں میں بزنس ٹو بزنس روابط بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔
دونوں رہنماؤں نے پاکستان فرانس تعلقات کی مثبت سمت پر اطمینان کا اظہار کیا، ملاقات میں مختلف شعبوں سیاسی، اقتصادی، تجارتی اور سرمایہ کاری کیساتھ اقوام متحدہ سمیت کثیرالجہتی فورمز پر تعاون پر گفتگو ہوئی۔
وزیراعظم نے دونوں ملکوں میں مفید اقتصادی اور تجارتی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا اور فرانس کو پاکستان میں سرمایہ کاری بالخصوص موسمیاتی موافقت اور قابل تجدید توانائی سے استفادہ کرنے کی دعوت دی۔
دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے علاقائی اور عالمی مسائل سے متعلق روابط کے مزید فروغ کی مشترکہ خواہش کا اعادہ بھی کیا۔