اسلام آباد وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ چین سے تعاون کے معاہدوں پر مفاہمتی یادداشتوں پر عملدرآمد میں تعطل برداشت نہیں کیا جائے گا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیراعظم کی زیر صدارت دورہ چین میں ہوئے معاہدوں پر پیشرفت اور پاک چین تعاون پر جائزہ اجلاس ہوا جس میں شہباز شریف کو مختلف منصوبوں کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔
وزیراعظم نے کہا کہ چین پاکستان کا دیرینہ دوست ہے جس نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کی مدد کی، چینی اعلیٰ قیادت پاکستان میں سرمایہ کاری کو مزید بڑھانے کیلئے پر عزم ہے، پاکستان میں چینی صنعت کی منتقلی سےملکی معیشت میں بہتری آئے گی۔
انہوں نے کہا کہ روزگار کے نئے مواقع اور پاکستان کی برآمدات میں اضافہ ہوگا۔
علاوہ ازیں اجلاس میں وزیرمنصوبہ بندی نے اپنے حالیہ دورہ چین کے حوالے سے بھی تفصیلی آگاہ کیا، وزیراعظم کو بریفنگ دی گئی کہ سکھر حیدرآباد موٹروے کو پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے ذریعےمکمل کیا جائےگا۔
شہباز شریف کو بتایا گیا کہ چین میں 1 ہزارطلبا کو سرکاری خرچ پر تربیت کیلئے بھیجنے کیلئے لائحہ عمل مکمل ہو چکا ہے، رواں تعلیمی سال کے آغاز پر طلبا کی پہلی کھیپ چین بھیجی جارہی ہے، آئندہ کھیپ پاکستان میں چینی زبان سیکھنے کے بعد چینی زرعی یونیورسٹیوں میں بھیجی جائے گی۔
وزیراعظم نے سرمایہ کاری بورڈ کے اس حوالے سے اقدامات اورسفارشات کی تعریف کی، شہباز شریف نے پاکستانی کمپنیوں کو چینی کمپنیوں کے ساتھ اشتراک میں سہولت فراہم کرنے کی ہدایت کی۔