جمعہ, مئی 16, 2025
اشتہار

رافیل کے گرنے کو مودی تا قیامت یاد رکھے گا، وزیراعظم

اشتہار

حیرت انگیز

وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ رافیل کے گرنے کو مودی تا قیامت یاد رکھے گا۔

معرکہ حق کے شاہینوں سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاک فضائیہ کے شاہینوں نے دشمنوں کے دانت توڑے، غرور خاک میں ملا دیا، آج قوم کو بلا خوف و تردید بتا سکتا ہوں کہ پاکستان نے 5 نہیں 6 بھارتی طیارے گرائے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاک فضائیہ کے شاہینوں نے اپنی مہارت سے دنیا کو حیرت میں ڈال دیا، ہمارے بہادر سپوتوں نے مختصر جنگ میں دشمن کے دانت، گھمنڈ اور غرور کو توڑ دیا جس کے بعد انہیں پیغام مل گیا کہ دوبارہ میلی آنکھ سے دیکھا تو پاؤں تلے زمین کھینچ لیں گے۔

شہباز شریف نے کہا کہ پاک فضائیہ کے شاہینوں نے دوستوں کے اعتماد کو آسمان تک پہنچادیا، اللہ تعالیٰ نے ہمیں تاریخ کی عظیم ترین فتح سے ہمکنار کیا ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ خطے اور پوری دنیا میں پاکستان سے متعلق خیالات تبدیل ہوگئے، افواج پاکستان کی شاندار کارکردگی پر قوم کے سر فخر سے بلند ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس جنگ میں دشمن اور ہم میں یہ فرق تھا کہ ہم نے صبر اور تحمل اور برداشت کا دامن نہیں چھوڑا اور فیصلہ کیا کہ دشمن نے ہماری امن کی پیش کش کو جس گھمنڈ میں ٹھکرایا ہے اس کا جواب بہت سوچ سمجھ کر دیں گے۔

شہباز شریف نے کہا کہ سپہ سالار جنرل عاصم منیر نے فرنٹ سے لیڈ کیا، ائر چیف اور نیول چیف کو بھی مبارکباد پیش کرتا ہوں، 10 مئی کا دن رہتی دنیا تک پاکستان کی کامیابی کے طور پر یاد رکھا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ قوم ایئر چیف کے کردار کو سنہری حروف میں یاد رکھے گی، پوری قوم آج ایک ہے، 24 کرور عوام افواج کی کامیابی کے لیے دعائیں کررہے تھے، قوم اپنی بہادر افواج کے شانہ بشانہ ہے۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ آئیں خطے سے دہشت گردی ختم کرنے کے لیے بیٹھ کر بات کرتے ہیں، آئیں مسئلہ کشمیر کے لیے بیٹھ کر بات کریں، گفتگو کریں کہ کون دہشت گردی کررہا ہے اور کون نشانہ بنا ہے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں