اسلام آباد: پاکستان کا 77 واں یوم آزادی ملی جوش و جذبے سے منایا جارہا ہے، وزیراعظم شہبازشریف کا اس موقع پر کہنا ہے کہ عوام اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو دل کی اتھاہ گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف کا پاکستان کے 77 ویں یوم آزادی کے موقع پر اپنے پیغام میں کہنا تھا کہ پوری قوم اپنے آباؤ اجداد اور تحریک پاکستان کے ہیروز کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتی ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ ہمارے آباؤ اجداد نے کروڑوں مسلمانوں کیلئے آزاد مملکت کے قیام کیلئے انتھک جدوجہد کی، یوم آزادی پر مسلح افواج کے مشکور ہیں جو ہماری سرحدوں اور خود مختاری کی حفاطت کرتے ہیں۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ملکی ترقی اور خوشحالی میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے کلیدی کردار کو سراہتا ہوں، یوم آزادی پر مقبوضہ کشمیر اور فلسطین کے بہن بھائیوں کو بھی یاد رکھنا ہے، جوسات دہائیوں سے حق خودارادیت کیلئے لڑ رہے ہیں اور بدترین بھارتی ظلم وستم کا سامنا کر رہے ہیں۔
اُنہوں نے کہا کہ پاکستان صہیونی ظلم و جبر کے شکار نہتے فلسطینیوں کے جائز حقوق کے حصول تک حمایت جاری رکھے گا، اللہ کے فضل و کرم سے ملکی معیشت استحکام کی طرف گامزن ہے۔
صدر آصف علی زرداری کا پاکستان کے 77 ویں یوم آزادی کے موقع پر پیغام میں کہنا تھا کہ پوری قوم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، جمہوری جدوجہد کے ذریعے پاکستان کاقیام تاریخ کاایک بے مثال باب ہے۔
صدر مملکت نے کہا کہ موجودہ چیلنجز سے نمٹنے کیلئے اختلافات کو بالائے طاق رکھ کر کام کرنا ہوگا، ملکی اتحاد،سالمیت اور معاشی استحکام کیلئے پر عزم ہوکر کام کرنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہماری ذمہ داری ہے کہ عوامی فلاح وبہبود کیلئے وسائل کوبروئے کار لائیں، قوم کو ہم سے بہت توقعات ہیں، عوامی امنگوں پرپورا اترنے کی کوشش کرنی چاہیے۔
صدر زرداری نے کہا کہ آج ہم مقبوضہ جموں و کشمیر اور فلسطینی عوام کے جائز حقوق کیلئے اپنی حمایت کااعادہ کرتے ہیں، جشن آزادی پرعہد کریں کہ عوامی ترقی کیلئے کام کریں گے، پاکستان کو خوشحال بنائیں گے۔