وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کی مارکیٹ نئی بیرونی سرمایہ کاری کے لیے تیار سرمایہ کاروں کو ون ونڈو آپریشنز کی سہولت فراہم کر رہے ہیں۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف سے اسلام آباد میں امریکی چیمبر آف کامرس کی امریکا-پاکستان بزنس کونسل کے وفد نے ملاقات کی۔ وزیراعظم نے وفد کے اعزاز میں عشائیہ بھی دیا۔
اس ملاقات میں امریکی بزنس کونسل کے وفد نے پاکستان میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا اور کہا کہ پاکستان سرمایہ کاری کے لیے ایک پرکشش ملک ہے۔ ہم سرمایہ کاری کے مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی مارکیٹ نئی بیرونی سرمایہ کاری کے لیے تیار ہے۔ ایس آئی ایف سی کے ذریعہ سرمایہ کاروں کو ون ونڈو آپریشنز کی سہولت فراہم کر رہے ہیں۔پاکستان میں 80 فیصد سے زائد امریکی کمپنیوں کی موجودگی اس بات کا ثبوت ہےت کہ یہ ملک کاروبار اور سرکایہ کاری کے حوالے سے محفوظ اور منافع بخش ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ امریکا اور پاکستان کے درمیان اقتصادی، اسٹریٹجک شراکت داری کی طویل تاریخ ہے۔ امریکی حکومت اور کاروباری اداروں کے ساتھ دہائیوں پر محیط تعلقات کی قدر کرتے ہیں۔ تجارتی اور سرمایہ کاری کے روابط بڑھا کر کاروبار کے لیے باہمی فائدہ مند مواقع پیدا کیے جا سکتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ امریکی حکومت، کاروباری اداروں اور سرمایہ کاروں کیساتھ تعمیری شراکت داری کے خواہاں ہیں۔ مقصد دو طرفہ تجارت اور آئی ٹی کے شعبہ میں سرمایہ کاری کے حجم کو بڑھانا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ حکومت پاکستان ٹیرف کے معاملے پر امریکی انتظامیہ کے ساتھ رابطے میں ہے اور امید ہے کہ اس مسئلے کا باہمی طور پر مفید حل تلاش کر لیا جائے گا۔