اشتہار

تعمیر اور ترقی عمل سے ہوتی ہے نعروں اور دھرنوں سے نہیں، وزیراعظم

اشتہار

حیرت انگیز

راولپنڈی : وزیراعظم شہبازشریف کا کہنا ہے کہ تعمیر اور ترقی عمل سے ہوتی ہے نعروں اور دھرنوں سے نہیں ، ہمیں اختلافات ،ذات سے بالاتر ہوکر آگے بڑھنا ہوگا۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف نے منگلا ڈیم پن بجلی کے یونٹ 5 اور 6 کی ریفربشمنٹ منصوبے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ریفربشمنٹ منصوبے کی افتتاحی تقریب میں شرکت اعزاز ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ 1960کی دہائی میں یہ پراجیکٹ شروع ہوا تھا، منگلا پراجیکٹ پانی کے ذخیرے کےبڑے منصوبوں میں سے ایک ہے ، اس پراجیکٹ کےذریعے سستی بجلی مہیا کی۔

- Advertisement -

شہباز شریف نے کہا کہ منگلا ڈیم نے معیشت کی بحالی میں اہم کردار ادا کیا ہے ، منصوبے میں امریکی تعاون پر شکرگزار ہیں، اس منصوبے کا افتتاح میرے لیے باعث فخر ہے اور اب وقت ہے کہ تعلقات کو مزید مستحکم کریں۔

ان کا کہنا تھا کہ منگلا کی اپ گریڈیشن منصوبہ نہایت اہم ہے ، یو ایس ایڈ نے 150ملین ڈالر کی خطیر رقم کی گرانٹ دی ہے، فرانس نے منصوبے کیلئے 90ملین یورو قرضہ دیا ہے جبکہ واپڈانے اپنےوسائل سے 20ارب روپے کی شراکت داری کی ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان آج بہت ہی مشکل چیلنجز سے نمبردآزما ہے ، ہماری مخلوط حکومت پوری کاوشوں سے چیلنجزکا مقابلہ کررہی ہے، پاکستان نے الحمدللہ ایک ارب ڈالر کی ادائیگی کی ہے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ جنرل ایوب کامنگلا ڈیم بنانے کا کارنامہ تاریخ میں ہمیشہ زندہ رہے گا، جمہوری حکومتوں نے اچھے کام کیےہیں توہمیشہ ان کاکریڈٹ رہے گا۔

انھوں نے بتایا کہ داسو، بھاشا ،گومل سمیت دوسرے ڈیمزجوزیر تکمیل ہیں اللہ کی طرف سے تحفہ ہیں، 75سال میں ڈیمز ، ریزر وائرز بنائے ہوتے تو امپورٹ بل 27 ارب ڈالر نہ ہوتا، ڈیمز پہلےبنائے جاتے تو سستی پن بجلی بن رہی ہوتی۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ بدقسمتی ہے ڈیم کی طرف توجہ نہیں دی گئی ، نجانے کون سی مشکلات تھیں جنہوں نے ڈیمز بننے نہیں دیئے۔

شہباز شریف نے بتایا کہ دنیا میں ٹینشن کی وجہ سے تیل کی قیمتی آسمانوں سے باتیں کررہی ہیں، سیلابی صورتحال کی وجہ سے ہمیں گندم امپورٹ کرنا پڑرہی ہے، پاکستان کی جومشکلات ہیں یہ دیکھ کر رونگٹے کھڑے ہوجائیں مگر ہمت نہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ زیادہ سے زیادہ ڈیم بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے، تعمیر اور ترقی عمل سے ہوتی ہے نعروں اور دھرنوں سے نہیں، جب تک سیاسی استحکام نہیں آتا ترقی آگے نہیں بڑھ سکتی ، ہمیں اختلافات ،ذات سےبالاتر ہوکر آگے بڑھنا ہوگا۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں