پیر, دسمبر 23, 2024
اشتہار

ملک سے کرپشن کا خاتمہ، شاہ خرچیوں میں کمی کریں گے، وزیراعظم

اشتہار

حیرت انگیز

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ کھربوں روپے کرپشن کی نذر ہو رہے ہیں ملک سے بدعنوانی کا خاتمہ اور شاہ خرچیاں ختم کریں گے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے عالمی یوم مزدور کے موقع پر اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں کھربوں روپے کرپشن کی نذر ہو رہے ہیں۔ وطن عزیز سے کرپشن کا خاتمہ کریں گے۔ شاہ خرچیاں ختم اور مزدوروں کی تنخواہ میں اضافے کی کوشش کریں گے۔

وزیراعظم نے کہا کہ مہنگائی نے عام آدمی کی زندگی کو بہت زیادہ تنگ بنا رکھا ہے۔ عام آدمی کے لیے شب وروز محنت کے باوجود اخراجات بڑی مشکل سے پورے کر رہا ہے۔ آج پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی ہوئی ہے۔ یہ کمی مہنگائی کا متبادل تو نہیں لیکن حکومت کی پوری کوشش ہے کہ ملک سے امیر اور غریب کے فرق کو کم کیا جائے۔

- Advertisement -

ان کا کہنا تھا کہ ہمیں مزدور کی عظمت کا پورا احساس ہے۔ میرے والد بھی ایک مزدور تھے۔ انہوں  نے ابتدائی تعلیم خالصہ کالج امرتسرمیں حاصل کی اور پھر اپنے بھائیوں کے ساتھ لاہور آ گئے۔ وہ صبح میں تعلیم اور شام کی شفٹ میں فیکٹری میں مزدوری کرتے تھے۔

شہباز شریف نے کہا کہ ملک میں امرا یا کاروباری افراد جو ترقی کرتے اور دولت کماتے ہیں۔ اس میں مزدور کا پسینہ بھی شامل ہے، کیونکہ اس کی محنت کے بغیر سرمایہ کار کی دولت میں اضافہ نہیں ہوتا۔ سرمایہ کار اور مزدور ایک ہی گاڑی کے دو  پہیےہیں۔ محنت کش ہم سب کیلیے سرمایہ حیات ہیں، ملک میں بسنے والے تمام کاروباری افراد کی دولت میں مزدوروں کا بھی حق ہے۔ اگر مزدور کو اس کا جائز حق فی الفور نہیں ملے گا تو یہ ملک ترقی نہیں کر سکتا۔

وزیراعظم نے یہ بھی کہا کہ پاکستان کے معاشی حالات چیلنجنگ ہیں۔ کھربوں روپے ڈوب اور کرپشن کی نذر ہو رہے ہیں۔ ملک سے کرپشن کا خاتمہ کریں گے۔ ہم مل کر اپنے وطن کو اس کا جائز مقام دلوائیں گے اور جلد پاکستان اقوام عالم میں اپنا عظیم مقام حاصل کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ بجٹ میں سرکاری ملازمین کے لیے کم از کم اجرت 30 ہزار تھی۔ اس بجٹ میں پوری کوشش ہوگی کہ جتنا زیادہ اضافہ کر سکتے ہیں کریں۔ مزدور کی خوشحالی کیلئے ہم کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے جب کہ شاہ خرچیوں میں کمی لانے کی کوشش کریں گے۔

وزیراعظم نے کہا کہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان بھی پاکستان کو ترقی کرتا دیکھنا چاہتے ہیں۔ بہت جلد سعودی سرمایہ کار پاکستان آنے والے ہیں۔ پاکستانی کاروباری اور سرمایہ کاروں سے گزارش ہے کہ ترقی میں اپنا حصہ ڈالیں اور ہم وہ منصوبے بنائیں جو ترقی یافتہ ممالک میں بنائے جاتے ہیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ آپ کو یقین دلاتا ہوں بطورخادم پاکستان صوبوں سے مل کرمحنت کشوں کی ایسی خدمت کریں گے کہ دنیا یاد رکھے گی کہ کسی حکومت نے بندہ مزدور کا احترام اور خیال کیا تھا۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں