اسلام آباد : وزیراعظم شہبازشریف کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں نئے چیئرمین ایف بی آر کیلئے عاصم احمد اور ندیم رضوی سمیت مختلف ناموں پر غور کیا جارہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا ، جس میں اہم قومی امور پر زیر غور آئے۔
وزیراعظم کابینہ کو سلامتی کمیٹی اجلاس سے متعلق اعتماد میں لیں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ چیئرمین ایف بی آر محمد اشفاق احمد کو عہدے سے ہٹانےکا امکان ہے ، نئے چیئرمین کیلئے عاصم احمد اور ندیم رضوی سمیت مختلف ناموں پر غور کیا جارہا ہے۔
ذرائع کے مطابق نئے چیئرمین کے تقرر کی منظوری وفاقی کابینہ دے گی جبکہ وزیر اعظم دورہ سعودیہ عرب کی اہمیت پر بھی روشنی ڈالیں گے۔
وفاقی کابینہ کے اجلاس کا آن ٹیبل ایجنڈا زیر غور لایا جائے گا اور توانائی اور معاشی صورتحال کے امور پر بھی بات چیت ہوگی۔
اس سے قبل وزیراعظم شہباز شریف سے وفاقی وزیر توانائی خرم دستگیر کی ملاقات ہوئی ، جس میں خرم دستگیر نے پاور سیکٹر کی اصلاحات سے آگاہ کیا۔
وزیر اعظم نے بند بجلی گھروں کو جلد از جلد بحال کرنے کیلئے اقدامات کی ہدایت کردی۔
دوسری جانب وزیراعظم سے وفاقی وزیر تخفیف غربت شازیہ مری بھی ملیں، وزیراعظم نے بی آئی ایس پی سے خارج افراد کی دوبارہ شمولیت کے لیے اپیل کا طریقہ خوش آئند قرار دیا۔