اسلام آباد : وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ سعودی عرب سے2ارب ڈالر آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی ذاتی کاوشوں کی بدولت آئے۔
یہ بات انہوں نے چھٹے پاکستان فارما سمٹ اور ایوارڈ دینے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی، اپنے خطاب میں انہوں نے یقین دلایا کہ وقت آئے گا پالیسی ریٹ نیچے ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ دنیا میں کوئی بھی چیلنج ہو اس کے ساتھ مواقع بھی ہوتے ہیں، وزیرخزانہ اور وزیر خارجہ نے سفارتی سطح پر بہت محنت کی، سعودی عرب سے2ارب ڈالر آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی کاوشوں سے آیا ہے۔
اپنے خطاب میں شہباز شریف نے کہا کہ آئی ایم ایف کی شرائط آسان نہیں ہیں اس نے ہماری معیشت کو جکڑ کر رکھا ہوا ہے، یہ معاہدہ مٹھائی بانٹنے کا موقع نہیں ہے، انہوں نے بتایا کہ جب میں پیرس میں آئی ایم ایف کی ایم ڈی سے ملا تو انہوں نے کہا کہ بہت بڑا گیپ ہے،میں نے جواب دیا کہ ٹھیک کہا آپ نے لیکن ہے ہم بھی آگے بڑھتے ہیں آپ بھی بڑھیں۔
انہوں نے حاضرین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ بہت زبردست پاکستانی ہیں آپ نے ملک کا نام بنایا، مشکلات،چیلنجز کو مل کرحل کرنا ہوگا، ایسا نہیں کہوں گا کہ اپنا منافع چھوڑ دیں ہرگز ایسا نہیں ہے، ان شااللہ وہ وقت جلد آئے گا پالیسی ریٹ نیچے ہوں گے۔
شہبازشریف کا کہنا تھا کہ آج آئی ایم ایف بورڈ میٹنگ ہے ایل سی کھلیں گی، ریزرو بڑھیں گے،
آپ حکومت کے ساتھ بیٹھ کر معاملات کو ڈسکس کریں، یقین ہے حکومتی مدت پوری ہونے سے پہلے معاملات حل کرلیں گے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ اپنے دائرے میں رہ کر محنت کرینگے تو پاکستان چند سالوں میں ترقی کی راہ پر گامزن ہوگا، پاکستان کی آبادی کا60فیصد نوجوانوں پر مشتمل ہے، ان نوجوانوں کو اسکلز ٹریننگ دیں تو ہمارا ملک افق پرنیا ملک بن کرابھرے گا۔