اسلام آباد : وزیراعظم شہباز شریف نے توشہ خانہ سے متعلق پالیسی کیلئے وزارتی کمیٹی تشکیل دے دی ، کمیٹی تحائف کی قبولیت اور ڈسپوزل سے متعلق طریقہ کار کا جائزہ لے گی۔
تفصیلات کے مطابق شہباز حکومت نے توشہ خانہ پالیسی تبدیل کرنے کی تیاریاں شروع کردیں ، اس سلسلے میں وزیراعظم شہباز شریف نے وزارتی کمیٹی تشکیل دے دی۔
دفاع،قانون، کامرس کے وزرا کمیٹی کےارکان ہوں گے جبکہ وزیراعظم کے مشیرطارق فاطمی اور خزانہ،اطلاعات، خارجہ امورکےسیکرٹری بھی کمیٹی میں شامل ہیں۔
کمیٹی تحائف کی قبولیت اور ڈسپوزل کے طریقہ کار کا جائزہ لے گی اور جائزہ لینے کے بعد نیا ڈرافٹ تیارکرے گی اور ایک ماہ میں سفارشات کو حتمی شکل دے کر وزیراعظم کو رپورٹ پیش کرے گی۔
یاد رہے رواں سال اپریل میں وزیراعظم نواز شریف نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان پر غیر ملکی دوروں کے دوران ملنے والے تحائف فروخت کرنے کا الزام لگایا تھا۔
ملکی قانون کے مطابق، غیر ملکی ریاست کے معززین سے ملنے والا کوئی بھی تحفہ ریاست کے ذخائر یا توشہ خانہ میں رکھنا ضروری ہے۔
یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ سابق وزرائے اعظم اور صدر آصف علی زرداری، نواز شریف اور یوسف رضا گیلانی کے خلاف پاکستان کی عدالتوں میں سرکاری دوروں کے دوران ملنے والے تحائف کے حوالے سے مقدمات زیر سماعت ہیں۔
سابق وزیر اعظم نواز شریف، سابق صدر آصف علی زرداری اور سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کو مبینہ طور پر اصل قیمت کا 15 فیصد ادا کر کے خزانے سے لگژری گاڑیاں حاصل کرنے کے ریفرنس میں نامزد کیا گیا ہے۔