لاہور: وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ ہم نے حکومت سنبھالی تو معیشت کی کشتی ہچکولے لے رہی تھی، سب کے ساتھ مل کر ہم نے پاکستان کو دیوالیہ ہونے سے بچایا۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ وزیر اعلیٰ ہو یا گورنر کوئی بھی قانون سے بالاتر نہیں، نواز شریف وزیر اعظم ہوتے ہوئے بھی عدالتوں میں پیش ہوتے تھے۔
وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ عمران خان طرف ریاست مدینہ کی بات کرتے ہیں، کاش کہ ریاست مدینہ کی ہلکی سی جھلک بھی معاشرے میں لے آئیں، ریاست مدینہ میں خلیفہ وقت اپنے بیٹے کو اضافی منافعے سے منع کرتے تھے۔
انہوں نے کہا کہ خدارا ہمیں ہوش سے کام لینا ہوگا، ہمیں پاکستان کو بچانا ہے، ہمیں پاکستان کو عظیم طاقت جھوٹ اور سازش سے نہیں بنانا، غریبوں اور یتیموں پر دست شفقت رکھیں۔
وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ نواز شریف کے دور میں پاکستان ایٹمی طاقت بنا، پاکستان ترقی کی بلندیوں پر پہنچا، ہم نے حکومت سنبھالی تو معیشت کی کشتی ہچکولے لے رہی تھی، سب کے ساتھ مل کر ہم نے پاکستان کو دیوالیہ ہونے سے بچایا۔
انہوں نے مزید کہا کہ الحمد اللہ ڈالر نیچے آرہا ہے، یہ اللہ کا خاص کرم اور اسحٰق ڈار کی محنت ہے۔