وزیر اعظم شہباز شریف نے پہلگام فالس فلیگ آپریشن ڈراما کی غیر جانبدار اور شفاف تحقیقات کیلیے برطانیہ کو شامل ہونے کی دعوت دے دی ہے۔
گزشتہ ماہ 22 اپریل کو پہلگام فالس فلیگ آپریشن کی آڑ میں بھارت کی ہندو انتہا پسند مودی سرکار پر جنگی جنون سوار ہے۔ تاہم پاکستان کی جانب سے پہلگام واقعہ کی آزادانہ، غیر جانبدارانہ اور شفاف عالمی تحقیقات کی پیشکش نے مودی حکومت کے اوچھے ہتھکنڈوں کو مزید بے نقاب کر دیا ہے۔
اب وزیراعظم شہباز شریف نے اس واقعہ کی غیر جانبدار اور عالمی شفاف تحقیقات میں برطانیہ کو بھی شمولیت کی دعوت دے دی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف سے برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے ملاقات کی۔ اس موقع پر وزیراعظم نے انہیں پہلگام واقعے کے بعد پاکستان کے نقطہ نظر سے آگاہ کیا اور پاکستان کو بغیر ثبوت اس واقعہ سے جوڑنے کی بھارتی کوششوں کو مسترد کرتے ہوئے اس واقعہ کی شفاف اور غیر جانبدار بین الاقوامی تحقیقات کی پیشکش کا اعادہ کیا۔
شہباز شریف نے اس غیر جانبدار اور شفاف بین الاقوامی تحقیقات میں برطانیہ کو بھی شمولیت کی دعوت دی اور کہا کہ برطانیہ خطے میں امن کی کشیدہ صورتحال کو بہتر بنانے میں اپنا کردار ادا کرے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کی اولین ترجیح ملک کی اقتصادی ترقی ہے، اور پاکستان کبھی ایسا کوئی اقدام نہیں اٹھائے گا جس سے علاقائی امن کو خطرہ ہو۔
اس موقع پر برطانوی ہائی کمشنر جین میرٹ نے کہا کہ برطانیہ علاقائی امن وسلامتی کیلیے پاکستان اور بھارت کے ساتھ مل کر کام کرے گا۔
بین الاقوامی و مقامی میڈیا کا ایل او سی کا دورہ ، وزیر اطلاعات نے زمینی حقائق سامنے پیش کردیے