لاہور: وزیر اعظم شہباز شریف نے لاہور میں مختلف منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھا، اور افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کی دولت کے ضیاع کے حوالے سے کہا کہ اس حمام میں مجھ سمیت سب ننگے ہیں، سب کا احتساب ہونا چاہیے، انھوں نے کہا احتساب انصاف کے ساتھ ہو تو قومیں ترقی کا سفر طے کرتی ہیں۔
گورنر ہاؤس لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کے دور میں ملکی معیشت کی تباہی کی گئی، حویلی بہادرشاہ ٹو کا منصوبہ 2019 میں 74 ارب روپے میں مکمل ہونا تھا گزشتہ حکومت کی تاخیر اور بدنیتی کی وجہ سے 77 ارب روپے فالتو لگے، اس طرح پاکستان کے ساتھ ظلم اور زیادتی ہوتی رہی۔
2014 میں چینی صدر شی جن پنگ کا دورہ پاکستان چیئرمین پی ٹی آئی کے دھرنے کی وجہ سے ملتوی ہونے کو دل خراش واقعہ قرار دیتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ اس وقت قوم کے مستقبل کو بگاڑا اور معیشت کے ساتھ کھلواڑ کیا گیا تھا، چینی وفد نے کہا ہم نے پوری کوشش کر لی چیئرمین پی ٹی آئی نے ڈی چوک سے اٹھنے سے انکار کر دیا، اگلے دن میں جی ایچ کیو گیا راحیل شریف سے کہا کہ آپ کچھ کریں، لیکن کچھ نہیں ہوا، سی پیک منصوبوں پر اس کے بعد اپریل 2015 میں دستخط ہوئے جب چینی صدر پاکستان تشریف لائے۔
انھوں نے کہا کہ اب رونے دھونے اور ماضی میں جھانکنے سے کام نہیں چلے گا، آئیں فیصلہ کریں ماضی کے تمام دھبوں کو دھوئیں گے۔