وزیراعظم شہباز شریف کی جے یو آئی سربراہ مولانا فضل الرحمان سے اہم ملاقات ہوئی ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی مولانا فضل الرحمان کی رہائشگاہ آمد ہوئی اس موقع پر وفاقی وزیر عطا تارڑ اور احسن اقبال بھی موجود تھے۔
جے یو آئی کے عبدالغفور حیدری، مولانا عطا الرحمان، مولانا اسعد محمود، اسلم غوری بھی ملاقات میں موجود تھے۔
شہباز شریف اور مولانا فضل الرحمان کے درمیان ملکی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
یاد رہے کہ 4 فروری کو مولانا فضل الرحمٰن نے اسد قیصر کی رہائش گاہ پر اپوزیشن جماعتوں کے عشائیے میں شرکت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ ملک کی سیاسی صورتحال پر باہمی مشاورت ہوئی، تمام جماعتوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ 8 فروری 2024 کے انتخابات دھاندلی زدہ الیکشن تھا، اس کا مینڈیٹ عوام کا مینڈیٹ نہیں۔
امیر جمعیت علمائے اسلام (ف) نے بات جاری رکھتے ہوئے کہا تھا کہ اسٹیبلشمنٹ نے اپنی مرضی کا مینڈیٹ مینج کرکے اپنی مرضی کی حکومتیں بنائی ہیں، ان لوگوں کو ملک پر مزید مسلط رہنے کا حق حاصل نہیں ہے، ان کو فوری مستعفی ہو کر ازسرنو انتخابات کا اعلان کر دینا چاہیے۔
مولانا فضل الرحمٰن کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن منصفانہ انتخابات دینے میں ناکام رہا ہے، اور اب ان کی آئینی مدت بھی مکمل ہو چکی ہے، ہرچند کہ حکومت نے ریٹائرمنٹ کے باوجود ان کو اپنی ذمہ داریاں نبھانے کے لیے موقع فراہم کیا ہے، یہ کسی مخصوص سوچ کی نمائندگی ہے۔