اسلام آباد: وزیراعظم شہبازشریف نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بیان پر تشکر اظہار کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف نے جاری کردہ ایک بیان میں کہا کہ جنوبی ایشیا میں امن کیلئے ٹرمپ کی پیشکش کو سراہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یقین ہے ٹرمپ کی شکل میں پاکستان کو بہترین شراکت دار ملا ہے اور امید ہے ٹرمپ پاکستان اور امریکا کےدرمیان نئی اسٹریٹجک پارٹنرشپ کو مضبوط کرینگے۔
شہباز شریف نے کہا کہ دونوں ممالک میں تجارت، سرمایہ کاری سمیت دیگر شعبوں میں تعاون بڑھے گا، پاکستان اور امریکا دہائیوں سے ایک دوسرے کے شراکت دار ہیں، دونوں ممالک مشترکہ مفاد کو فروغ اور ان کا تحفظ کرتے ہیں، دونوں ممالک نے ہمیشہ عالمی امن کیلئے مل کر کام کیا ہے۔
جنگ بندی کے بعد ڈونلڈ ٹرمپ نے پاکستان اور بھارت کو بڑی خوش خبری سنا دی
واضح رہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بندی کے بعد امریکی صدر نے سوشل میڈیا پر جاری پیغام میں کہا تھا کہ پاکستان اوربھارت کے ساتھ مل کرکام کروں گا اور دیکھوں گا کیا ‘ہزاروں سال بعد’ مسئلہ کشمیر کا کوئی حل نکل سکتا ہے۔
خیال رہے کہ بھارت کی جارحیت پر پاکستان نے منہ توڑ جواب دیا اور آپریشن بُنْيَان مَّرْصُوْص ( آہنی دیوار) کے دوران بھارت میں 10 سے زائد اہداف کو نشانہ بنایا۔
دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی کے پیش نظر امریکا کی جانب سے جنگ بندی کیلئے دونوں ممالک کو ایک میز پر لایا گیا۔
اس حوالے سے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بیان جاری کرتے ہوئے کہا تھا کہ امریکا کی ثالثی میں بھارت اور پاکستان فوری جنگ بندی پر متفق ہوگئے ہیں۔