منگل, جولائی 1, 2025
اشتہار

بھارت سندھ طاس معاہدہ یکطرفہ طور معطل یا ختم نہیں کرسکتا، وزیراعظم

اشتہار

حیرت انگیز

وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا کہ بھارت سندھ طاس معاہدہ یکطرفہ طور پر ختم یا معطل نہیں کرسکتا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے نیشنل ایمرجنسی آپریشنز سینٹر کا دورہ کیا اس موقع پر انہیں این ڈی ایم اے کی مون سون، ممکنہ سیلابی صورتحال اور حکمت عملی پر بریفنگ دی گئی۔

شہیاز شریف نے کہا کہ بھارت پانی کو ہتھیار کے طور پر استعمال کرنے کی کوشش کررہا ہے، عالمی ثالثی عدالت نے واضح کردیا کہ بھارت یکطرفہ طور پر معاہدہ معطل یا ختم نہیں کرسکتا۔

انہوں نے کہا کہ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کثیر المقاصد اہم قومی ادارہ ہے، 2022 کے سیلاب کے بعد ادارے کو جدید خطوط پر استوار کیا گیا، سیلاب نے بہت نقصان پہنچایا، ہزاروں ایکڑ کھڑی فصلیں اور مکانات تباہ ہوئے۔

وزیراعظم نے کہا کہ خطرات سے آگاہی کے نظام کے حوالے سے بھی این ڈی ایم اے کا اہم کردار ہے، بروقت معلومات کی فراہمی کے لیے اقدامات قابل تعریف ہیں، جدید ٹیکنالوجی کے حصول کے لیے کاوشیں لائق ستائش ہیں۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ بدقسمتی سے پاکستان کا شمار موسمیاتی تبدیلیوں سے شدید متاثرہ ملکوں میں ہوتا ہے، ہمارا گرین ہاؤس گیسز کے اخراج میں حصہ بہت کم ہے، موسمیاتی تبدیلیوں کو مدنظر رکھتے ہوئے انفرا اسٹرکچر کی تعمیر ضروری ہے اس سلسلے میں پبلک پرائیوٹ پارٹنر شپ کا فروغ بہت اہم ہے۔

انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے تناظر میں این ڈی ایم اے پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے، سماجی اور معاشی ترقی کے اہداف کے حصول کے لیے کوششوں کو تیز کرنا ہے، قدرتی آفات سے نمٹنے کے قومی ادارے کی استعداد کار میں اضافہ کریں گے۔

وزیراعظم نے کہا کہ موسمیاتی تغیرات کے تناظر میں این ڈی ایم اے کی صوبوں کے ساتھ ہم آہنگی ضروری ہے، ہمیں مستقبل کے چیلنجز کو مدنظر رکھتے ہوئے خود کو تیار کرنا ہے، این ڈی ایم اے نے ترکیہ اور میانمار میں زلزلے کے دوران ریلیف اور ریسکیو آپریشن میں اہم کردار ادا کیا۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ سوات میں افسوسناک واقعے میں قیمتی جانیں ضائع ہوئیں، سیاست سے بالاتر ہوکر صورتحال کا ایمانداری سے جائزہ لینا ہے، این ڈی ایم اے اس واقعے کے تناظر میں رپورٹ مرتب کرے، ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے حکمت عملی ترتیب دی جائے، این ڈی ایم اے صوبوں کے ساتھ مل کر لائحہ عمل تشکیل دے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں