اسلام آباد : وزیراعظم شہباز شریف بجٹ میں سستا پٹرول اسکیم لانے کے خواہش مندہیں ، اس اسکیم پر آئی ایم ایف کو اعتماد میں لینے کی کوششیں جاری ہے۔
تفصیلات کے مطابق بجٹ کو عوام دوست بنانے کی تیاریاں جاری ہے اور وزیراعظم ریلیف اور سستا پٹرول اسکیم کے لئے متحرک ہیں۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ وزیر اعظم بجٹ میں ریلیف کیلئے مشاورت کاعمل تیز کردیا، شہباز شریف موٹرسائیکل سواروں کیلئے سستا پٹرول اسکیم لانے کے خواہشمند ہیں۔
ذرائع کے مطابق سستا پٹرول اسکیم پر آئی ایم ایف کواعتماد میں لینے کی کوششیں کی جارہی ہے، وزیراعظم سبسڈی کو عوام تک براہ راست پہنچانے کے بھی خواہشمند ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ غریب خواتین،مزدور،کسان ،یوتھ کو براہ راست اسکیموں سےفائدے کی تیاری جاری ہے ، وزیر اعظم نے سبسڈی کو براہ راست حق داروں تک پہنچانےکی تجاویزمانگ لیں ہیں، وزیراعظم کی ہدایت پر قائم کی گئی 7 کمیٹیاں آج سفارشات پیش کریں گی۔
وزیر اعظم نے یوریا سبسڈی براہ راست کسان کو دینے کی حکمت عملی تیار کرنے سمیت یوٹیلٹی اسٹورز کی سبسڈی براہ راست مستحقین تک پہنچانے کی ہدایت کردی ہے۔
ذرائع نے کہا ہے کہ بجٹ میں غریب کیلئےرعایتی نرخ پر چینی، آٹا ،گھی اسکیم میں توسیع کی تیاری بھی کی جارہی ہے۔