اسلام آباد : وزیراعظم شہباز شریف نے عالمی بینک کی طرف سے 20 ارب ڈالر دینے کے وعدے کا خیرمقدم کرتے ہوئے معاشی بنیادیں مضبوط کرنے کیلئے آرمی چیف اور رفقا کی کاوشوں کی تعریف کی۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے عالمی بینک کی طرف سے 20 ارب ڈالر کی یقین دہانی کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ عالمی بینک اور پاکستان کا 10سالہ شراکت داری فریم ورک اہمیت کاحامل ہے۔
وزیراعظم نے بتایا کہ شراکت داری فریم ورک کے تحت 6شعبوں پرتوجہ مرکوز ہے، ان شعبوں میں معیاری تعلیم،بچوں کی غذائیت اور موسمیاتی تبدیلی شامل ہیں تاہم کلین انرجی،جامع ترقی اور نجی سرمایہ کاری کے فروغ پر بھی توجہ مرکوز کی جائے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم نے ہوم گراؤن ٹرانسمیشن پلان انہی ترجیحات کی بنیاد پر تشکیل دیا ہے، معیشت کی بنیادیں مضبوط کرنے کیلئے آرمی چیف اور رفقا کی کاوشیں قابل ستائش ہیں۔
مزید پڑھیں : عالمی بینک کا پاکستان کو 20 ارب ڈالرز دینے کا وعدہ
وزیراعظم نے مزید کہا کہ شراکت داری فریم ورک پاکستان کی اقتصادی کاوشوں پرعالمی بینک کے اعتماد کامظہرہے، عوام کیلئے پائیدار مواقع پیدا کرنے کی کوششوں ہو ہم آہنگ کرتے ہوئے شراکت داری کو مضبوط بنانے کے خواہاں ہیں۔
یاد رہے گذشتہ روز عالمی بینک نے پاکستان کیلئے 20 ارب ڈالرز دینے کا وعدہ کیا تھا، ذرائع نے انکشاف کیا تھا کہ 10 سالہ کنٹری پارٹنر شپ فریم ورک کے تحت ورلڈ بینک کی جانب سے 20 ارب ڈالرز دینے کا وعدہ کیا گیا ہے، فریم ورک کی منظوری کیلئے 24 میں سے 19 ڈائریکٹرز نے پاکستان کے حق میں ووٹ دیا۔
ذرائع نے بتایا تھا کہ عالمی بینک 20 ارب ڈالرز کا تقریباً 3 چوتھائی حصہ آئی ڈی اے کے ذریعے فراہم کرے گا، بقیہ رقم انٹرنیشنل بینک فار ری کنسٹرکشن اینڈ ڈویلپمنٹ کے تحت فراہم کی جائے گی۔
توسیعی فریم ورک 6 کلیدی ترقیاتی شعبوں پر توجہ مرکوز کرےگا، انٹرنیشنل فنانس کارپوریشن کی طرف سے اضافی فنڈنگ سے سی پی ایف کی تکمیل ہوگی۔