اسلام آباد: وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کے خلاف اشتعال انگیز بیانات سے قوم کے جذبات مجروح ہوئے، پاکستان مخالف ادا کیے گئے ایک ایک الفظ کا حساب دینا ہوگا، وزیراعظم نے اس حوالے سے آج اہم اجلاس طلب کرلیا۔
ذرائع کا کہناہے کہ اجلاس میں ایم کیو ایم کے خلاف کریک ڈائون جاری رکھنے، ایم کیو ایم کی سرگرمیوں پر پابندی اور الطاف حسین کے خلاف کارروائی کے لیے برطانوی حکومت سے رابطوں کے معاملات زیر بحث آئیں گے، اجلاس میں اعلیٰ سول اور فوجی قیادت کی شرکت متوقع ہے۔
دریں اثنا وزیراعظم کے ترجمان کے مطابق نواز شریف نے کہا کہ ہم اپنے گھر کی حفاظت کرنا جانتے ہیں،کراچی میں پاکستان مخالف بیانات سے مجھ سمیت ہر پاکستانی کو ٹھیس پہنچی، پاکستان کی مخالفت میں آئے ہوئے ایک ایک لفظ کا حساب لیں گے۔
وزیر خزانہ اسحق ڈار نے پاکستان مخالف تقریر اور میڈیا ہائوسز پر حملوں کی مذمت کرتے ہوئے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کاعندیہ دیا ہے۔
وزیر اطلاعات پرویز رشید نے بھی پاکستان مخالف بیان اور میڈیا ہائوسز پر حملوں کی شدید مذمت کی ہے۔
پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس نے میڈیا ہائوسز پر حملوں کی مذمت میں اجلاس طلب کرلیا جس میں حکومت سے تحفظ کی فراہمی کااور ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا جائےگا۔