اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس جمعرات کو طلب کرلیا گیا، اجلاس میں وزیر اعظم 100 روزہ کارکردگی کی تفصیلات بیان کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی کابینہ کا اگلا اجلاس جمعرات کو طلب کرلیا گیا۔ وزیر اعظم عمران خان اجلاس کی صدارت کریں گے۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں ملک کی سیاسی اور اقتصادی صورتحال پر غور کیا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر خزانہ اسد عمر ملک کی معاشی صورتحال پر کابینہ کو بریفنگ دیں گے۔ اجلاس میں 100 روزہ پلان پر عملدر آمد کا بھی مکمل جائزہ لیا جائے گا جبکہ کابینہ ارکان کی کارکردگی پر بھی غور ہوگا۔
وزیر اعظم عمران خان جمعرات کو ہی 100 روزہ کارکردگی کی تفصیلات بیان کریں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں گزشتہ اجلاسوں کے فیصلوں پر عملدر آمد کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں مختلف ممالک کے ساتھ معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں کی منظوری دیے جانے کا امکان ہے جبکہ کابینہ مختلف اداروں میں تقرریوں کی بھی منظوری دے گی۔
خیال رہے اس سے قبل 23 نومبر کو ہونے والے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں مختلف ممالک کے ساتھ معاہدوں اور یادداشتوں کی منظوری دی گئی تھی۔ اجلاس میں نیشنل بینک کے صدر کی تقرری کی منظوری بھی دی گئی۔
اجلاس میں وزیر خزانہ اسد عمر نے آئی ایم ایف وفد سے مذاکرات اور متحدہ عرب امارات اور ملائشیا کے ساتھ ہونے والے معاہدوں پر کابینہ کو بریفنگ بھی دی تھی۔