اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے ہنر مند پاکستان منصوبے کی منظوری دے دی، منصوبے کے لیے 30 ارب روپے کی خطیر رقم مختص کی گئی ہے۔ وزیر اعظم کل پروگرام کا افتتاح کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت نوجوانوں کی فلاح و بہبود سے متعلق اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں معاون خصوصی عثمان ڈار اور شفقت محمود سمیت اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
وزیر اعظم عمران خان نے ہنر مند پاکستان منصوبے کی منظوری دے دی، منصوبے کے لیے 30 ارب روپے کی خطیر رقم مختص کی گئی ہے۔ وزیر اعظم کل ہنرمند پاکستان پروگرام کا افتتاح کریں گے۔
اس موقع پر وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ نوجوان ملک کا اصل اثاثہ ہیں، بدقسمتی سے ماضی کی حکومتوں نے نوجوانوں کو نظر انداز کیا۔ نوجوانوں کو تعلیم کے باوجود نوکری کے لیے مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ تعلیمی اداروں اور صنعت میں مضبوط روابط کی اشد ضرورت ہے۔ تکنیکی اور پیشہ وارانہ تعلیم کے اداروں کو عالمی اداروں سے منسلک کرنا ہوگا۔ درپیش مسائل کا حل ٹیکنالوجی کو بروئے کار لانے میں پوشیدہ ہے۔
اجلاس میں وزیر اعظم نے تکنیکی اداروں میں اعلیٰ معیار کو یقینی بنانے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ نوکریوں کے حصول میں دشواری سے تکنیکی اداروں کے معیار پر سوال اٹھتا ہے۔ جدید علوم اور آرٹیفشل انٹیلی جنس پر خصوصی توجہ دی جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ نوجوان ملکی تعمیر و ترقی میں بھرپور کردار ادا کریں گے۔ چاہتے ہیں نوجوان عالمی اداروں میں صلاحیتوں کا مؤثر استعمال کریں۔
خیال رہے کہ ہنرمند پاکستان پروگرام نیشنل اسکل اسٹریٹجی ٹاسک فورس کی تجاویز پر تیار کیا گیا ہے، پرگرام کے تحت لاکھوں نوجوانوں کو فنی مہارت دی جائے گی۔
پروگرام کے تحت ٹیچر ٹریننگ، اسمارٹ لیب اور بزنس انکیوبیشن سینٹر قائم ہوں گے۔ تربیت پانے پر نوجوانوں کو بین الاقوامی اجازت نامے ملیں گے، ہنر کی تربیت دینے والے اداروں کی صلاحیت میں بھی اضافہ کیا جائے گا۔
ہنرمند پاکستان کا منصوبہ کامیاب جوان پروگرام کے بینر تلے شروع کیا جائے گا، وزیر اعظم کامیاب جوان پروگرام کے لیے 100 ارب مختص کر چکے ہیں۔