اسلام آباد : ،وزیر اعظم عمران خان کا کیا گیا ایک اور وعدہ پورا ہونے والا ہے، پچاس لاکھ گھروں کی تعمیرسے متعلق باضابطہ اعلان آئندہ ماہ متوقع ہے، اسکیم کے تحت بےگھر افراد کو گھر دیا جائےگا۔
تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کی حکومت نے بڑا اقدام کرتے ہوئے اپنا گھر اسکیم کیلئے پندرہ اکتوبر سے درخواستیں طلب کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پچاس لاکھ گھروں کی تعمیر سے متعلق باقاعدہ اعلان آئندہ ماہ متوقع ہے، وزیراعظم پنجاب سے اسکیم کا اعلان کریں گے، نئے گھر کی فراہمی کیلئے رجسٹریشن کا سلسلہ بھی آئندہ ماہ سے شروع کیا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اپنا گھر اسکیم اتھارٹی کے قیام کیلئے پالیسی سازی کی جائےگی، ٹاسک فورس نےاپنی سفارشات مکمل کرلیں، اپنا گھر اسکیم کیلئے پنجاب اورکے پی اسمبلی سےقراردادیں منظورکرائی جائیں گی، اسکیم کے تحت پچاس لاکھ گھر بنائے جائیں گے۔
ذرائع کے مطابق اپنا گھر لینے کے خواہشمند افراد کے لیے نادرا کی مدد سے فارم تیار کیا جائے گا، جو مقررہ بینکوں کی شاخوں سے دستیاب ہوگا۔
مزید پڑھیں : وزیراعظم 50 لاکھ مکانات کے تعمیرکی خود نگرانی کریں گے
یاد رہے 10 ستمبر کو ملک میں پچاس لاکھ گھروں کی تعمیر کے حوالے سے اعلیٰ سطح اجلاس وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت ہوا تھا، اجلاس میں وزیراعظم عمران خان نے بے گھر افراد کو سستے گھروں کی فراہمی کے منصوبے کی اونر شپ خود لینے کا فیصلہ کیا تھا۔
اس حوالے سے کمیٹی کو ہدایت کی کہ دو ہفتے میں حتمی سفارشات مرتب کی جائیں تاکہ منصوبے کا جلد از جلد اعلان کیا جاسکے۔
اس موقع پروزیراعظم عمران خان نے کہا تھا کہ پچاس لاکھ گھروں کی تعمیر اور کچی آبادیوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی اور انہیں ریگولیٹ کرنا حکومت کا اہم ایجنڈا ہے، حکومت بے گھر افراد کو گھروں کی فراہمی کیلئے پرعزم ہے۔
واضح رہے انتخابات سے قبل پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کا کہنا تھا کہ اقتدار میں آکر5 سال میں 50لاکھ گھر بنائیں گے، منصوبہ مذاق نہیں ہم کر کے دکھائیں گے۔
پچاس لاکھ گھروں کی تعمیر پی ٹی آئی کے منشور کا بھی حصہ تھا، عمران خان کا کہنا تھا بلین ٹری سونامی کی طرح ہاؤسنگ اسکیم لے کر آئیں گے،منصوبے پر عملدرآمد میں کامیاب ہوگئے تو معیشت اٹھے گی اور روزگار ملے گا، منصوبے کے ذریعے نئی تعمیراتی کمپنیاں آئیں گے، روزگار کا مسئلہ حل ہوگا، منصوبے کیلئے پاکستان بلڈنگ ایسوسی ایشن سے مدد لی جائےگی۔