پیر, مارچ 3, 2025
اشتہار

وزیر اعظم عمران خان کے دورہ ملائیشیا کا شیڈول تیار

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کے دورہ ملائیشیا کا شیڈول تیار کرلیا گیا جس کے مطابق وزیر اعظم عمران خان 20 نومبر کو ملائیشیا پہنچیں گے اور ملائیشین ہم منصب مہاتیر محمد سے ملاقات کریں گے۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کے دورہ ملائیشیا کا شیڈول تیار کرلیا گیا۔ وزیر اعظم عمران خان 20 نومبر سے ملائیشیا کا دورہ کریں گے اور ملائیشین ہم منصب مہاتیر محمد کی دعوت پر 2 روز تک قیام کریں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم خان ملائیشین ہم منصب سمیت اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں گے۔ وزیر اعظم اپنے ہم منصب مہاتیر محمد سے ملاقات میں اقتصادی تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کریں گے جبکہ ملائیشیا کی ترقی کے تجربات سے استفاده پر بات چیت بھی کریں گے۔

ذرائع کے مطابق وزیر اعظم کو ملائیشیا میں ترقی کے تیز ترین ماڈل پر بریفنگ دی جائے گی۔

وزیر اعظم کے ہمراہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر اطلاعات فواد چوہدری اور مشیر تجارت عبد الرزاق داؤد سمیت دیگر حکام بھی ملائیشیا جائیں گے۔

اس سے قبل وزیر اعظم کو 28 اکتوبر کو ملائشیا کے دورے پر روانہ ہونا تھا، بعد ازاں دورہ ملائیشیا کی تاریخ تبدیل کردی گئی تھی۔

خیال رہے کہ وزیر اعظم عمران خان اب تک 2 بار سعودی عرب اور چین کا دورہ کرچکے ہیں۔

اس سے قبل اپنے 5 روزہ دورہ چین میں وزیر اعظم نے چینی صدر شی جن پنگ کے علاوہ دیگر اعلیٰ عہدیداروں سے ملاقاتیں کیں اور ملکی معیشت پر تبادلہ خیال کیا۔ اس دوران 15 معاہدوں اور یاداشتوں پر بھی دستخط کیے۔

اس سے قبل دورہ سعودی عرب میں دوست ملک نے پاکستان کو مشکل وقت سے نمٹنے کے لیے بڑا پیکج دے کر تحریک انصاف حکومت پر اعتماد کا اظہار کیا تھا اور پاکستان کے لیے 12 ارب ڈالر کے ریلیف پیکج کا اعلان کیا تھا۔

پیکج کے مطابق پاکستان کو 3 ارب ڈالر ایڈونس دیے جائیں گے، تین ارب ڈالر کا ادھار تیل تین سال تک دیا جائے گا جبکہ بیلنس آف پیمنٹ کے لیے ایک سال تک تین ارب ڈالر بھی پاکستان کے اکاؤنٹ میں رکھے جائیں گے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں

Statcounter