اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے سیلاب متاثرین کے لیے امداد پر چینی صدر اور وزیر اعظم کا شکریہ ادا کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ چینی صدر اور وزیر اعظم کا سیلاب سے متاثرہ افراد کی مالی امداد پر شکریہ ادا کرتا ہوں۔
وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ سیلاب کی اپنی شدت اور پھیلاؤ کے لحاظ سے کوئی اور مثال نہیں، چین مشکل ترین وقت میں ہمارے ساتھ رہا، ہم اس کی حمایت کی بہت قدر کرتے ہیں۔
I thank H.E. President Xi Jinping & H.E. Premier Li Keqiang for the financial assistance to flood-affected people of Pakistan. This flood is like no other in terms of its intensity & spread. China 🇨🇳 has been there for us at the most difficult times & we greatly value its support
— Shehbaz Sharif (@CMShehbaz) August 30, 2022
خیال رہے کہ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے اعداد و شمار کے مطابق 14 جون سے اب تک بارشوں اور سیلاب میں 11 سو 36 افراد جاں بحق اور 16 سو زائد زخمی ہوچکے ہیں۔
سیلاب سے 10 لاکھ 51 ہزار مکانات، 162 پل، اور 34 ہزار 71 کلومیٹر سڑکیں تباہ ہوچکی ہیں، جبکہ 7 لاکھ 35 ہزار سے زائد مویشی مر چکے ہیں۔
ملک بھر میں اب تک سیلاب سے 3 کروڑ 30 لاکھ سے زائد افراد متاثر ہوئے ہیں۔