اتوار, جولائی 6, 2025
اشتہار

وزیر اعظم کا ماحولیات و پودوں سے متعلق وژن واضح ہے، فواد چوہدری

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد : وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے وزیر اعظم پاکستان کی شجر کاری مہم ’پلانٹ فار پاکستان‘ کے دوران پودا لگاتے ہوئے کہا ہے کہ آج ملک بھر میں 15 لاکھ پودے لگائے جا رہے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران کی جانب سے’پلانٹ فار پاکستان‘ کے نام سے ملک بھر میں شجر کاری کے لیے شروع کی جانے والی مہم کے دوران وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے بھی پودا لگا دیا۔

وزیر اطلاعات پاکستان فواد چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان ان ممالک کی فہرست میں شامل ہے جہاں جنگلات کو شدید نقصان پہنچایا گیا ہے۔

فواد چوہدری نے پلانٹ فار پاکستان مہم کے دوران کہا ہے کہ خیبر پختونخوا میں 5 سال میں پاکستان تحریک انصاف نے بلین ٹری منصوبہ شروع کیا تھا، ہمارا آئندہ 5 سال میں ملک بھر میں 10 ارب پودے لگانے کا ہدف ہے۔

وزیر اطلاعات کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم کا ماحولیات اور پودوں سے متعلق وژن واضح ہے، پاکستان تحریک انصاف کے سوا ملک میں کوئی اور سیاسی جماعت ماحولیات کی بات نہیں کرتی۔

وزیر اطلاعات پاکستان نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک کا منشور بھی ماحولیات کی آگاہی سے متعلق واضح ہے، آج ملک بھر میں 15 لاکھ پودے لگائے جا رہے ہیں۔

واضح رہے کہ وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے شروع کی جانے والی ملک بھر میں شجرکاری کرنے کی مہم کے حوالے سے حکومت کے پاکستان کے آفیشل ٹویٹر اکاؤنٹ پر بھی ایک ویڈیو شیئر کی گئی ہے جو دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہوگئی۔

وزیر اعظم پاکستان عمران خان ’پلانٹ فار پاکستان مہم‘ کے حوالے سے کہا ہے کہ شجر کاری مہم کا مقصد موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنا ہے، شجر کاری مہم تمام شہروں میں شروع کررہے ہیں، پورے پاکستان میں 10 ارب درخت لگانے کا ہدف ہے۔

وزیر اعظم پاکستان کا کہنا ہے کہ گلوبل وارمنگ کے باعث پاکستان سب سے زیادہ متاثر ہوگا، 5 سال میں پورے پاکستان کو سرسبز و شاداب کرنا ہے، جو بھی خالی علاقے اور زمین ملے گی وہاں پر پودے لگائیں گے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں