لاہور: گورنرپنجاب چوہدری محمد سرور کا کہنا ہے کہ بجٹ پاس نہ ہونے دینے کا دعویٰ کرنے والی اپوزیشن کہاں ہے ؟ بجٹ منظوری پر وزیراعظم اور ٹیم کو مبارکباد دیتا ہوں۔
تفصیلات کے مطابق گورنرپنجاب چوہدری محمدسرور سے وزیر توانائی ڈاکٹر اختر ملک نے ملاقات کی۔ اس موقع پر چوہدری سرور کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم عمران ملک کو آگے اور اپوزیشن پیچھے لے جانا چاہتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کا ایجنڈا احتساب رکوانے کے سوا کچھ نہیں مگر یہ کبھی نہیں ہوگا، ہم اصولوں اور نظریے کی سیاست کررہے ہیں پیچھے نہیں ہٹیں گے، سیاسی پوائنٹ اسکور نگ کرنے کا رویہ اپوزیشن کو ترک کرنا چاہیے۔
کرونا سے بچاؤ کے لیے عوام کوگھروں میں رکھنے کے لیے سختی کریں گے، گورنر پنجاب
گورنر کا یہ بھی کہنا تھا کہ کرونا کے خلاف جنگ حکومت 22کروڑ پاکستانیوں کی جنگ ہے، ماسک سمیت دیگر حفاظتی اقدامات سے ہی کرونا سے بچا جاسکتا ہے۔
یاد رہے کہ حالیہ دنوں گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ کرونا سے بچاؤ کے لیے عوام کوگھروں میں رکھنے کے لیے سختی کریں گے، خدا کے لیے عوام حالات کو سنجیدہ لیں، کوتاہی کی گنجائش نہیں ہے، 10 ہزار سینی ٹائزر، 12 ہزار کلوروکوئن انجکشن ڈاکٹرز کو دیے جا رہے ہیں۔