اتوار, مئی 11, 2025
اشتہار

وزیراعظم عمران خان اقوام متحدہ میں مظلوم کشمیریوں کی آواز بنیں گے: ملیحہ لودھی

اشتہار

حیرت انگیز

نیویارک: اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان آج نیو یارک پہنچ رہے ہیں، اس موقع پر وہ جنرل اسمبلی میں خطاب کے علاوہ اہم ملاقاتیں بھی کریں گے۔

اپنے ایک بیان میں ملیحہ لودھی نے کہا کہ وزیر اعظم اقوام متحدہ میں مظلوم کشمیریوں کی آواز بنیں گے، ان کا یہ دورہ مشن کشمیر ہے، عمران خان یواین جنرل اسمبلی اجلاس میں شرکت کریں گے۔

انہوں نے بتایا کہ عمران خان کا اقوام متحدہ کا یہ پہلا دورہ ہے، وزیراعظم جنرل اسمبلی سے خطاب اور عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں کریں گے، اس دوران وہ کشمیر میں جاری بھارتی تسلط سے آگاہ کریں گے۔

ملیحہ لودھی کا کہنا تھا کہ عمران خان کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے آگاہ کریں گے، وزیراعظم اوآئی سی رابطہ گروپ برائے کشمیر کیلئے عشائیے کا اہتمام کررہے ہیں، وزیراعظم کی ٹرمپ سمیت کئی عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں ہوں گی۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم ترکی اور ملائشیا کے ساتھ سہ فریقی کانفرنس میں شرکت کریں گے، عمران خان نفرت انگیز بیانیوں کے تدارک پر منعقد کانفرنس سے خطاب بھی کریں گے۔

پاکستان کی مستقل مندوب نے مزید بتایا کہ وزیر اعظم موسمیاتی تغیر، صحت اور سرمایہ کاری پر عالمی کانفرنسز میں شرکت کریں گے جبکہ نیویارک میں ایشیا سوسائٹی، کونسل آن فارن ریلیشن میں بھی خطاب ممکن ہے۔

خیال رہے کہ 150سے زائد عالمی سربراہان یو این جنرل اسمبلی اجلاس میں شرکت کر رہے ہیں۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں