عام انتخابات کے ایک سال مکمل ہونے پر پی ٹی آئی کے اعلان کے بعد اب ن لیگی رہنما بھی 8 فروری کو یوم سیاہ منانے کے بیانات دے رہے ہیں۔
گزشتہ سال ہونے والے عام انتخابات کا ایک سال مکمل ہونے پر اپوزیشن جماعت پاکستان تحریک انصاف کے بانی نے 8 فروری کو ملک گیر یوم سیاہ منانے کا اعلان کر رکھا ہے، تاہم اب حکومتی جماعت ن لیگ کے رہنماؤں کی جانب سے بھی اسی تاریخ کو یوم سیاہ منانے کے بیانات سامنے آ رہے ہیں اور وہ اس کو ن لیگ کا مینڈیٹ چوری کرنے سے جوڑ رہے ہیں۔
اے آر وائی نیوز کے پروگرام الیونتھ آور میں میزبان کاشف عباسی نے ن لیگی رہنما جاوید لطیف کو ان ہی کا ایک دیا گیا بیان سناتے ہوئے پوچھا کہ کیا ن لیگ بھی 8 فروری کو یوم سیاہ منا رہی ہے، کیا اس دن ن لیگ کی دو تہائی اکثریت چھینی گئی تھی۔
اس موقع پر جاوید لطیف نے کہا کہ 8 فروری کو شیخوپورہ میں یوم سیاہ منا رہے ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ لاہور اور مانسہرہ سمیت جہاں جہاں مینڈیٹ چوری ہوا ہے وہاں بھی یوم سیاہ منانا چاہیے۔
ن لیگی رہنما نے مزید کہا کہ نواز شریف کے دونوں حلقوں سمیت اور دیگر حلقوں کا بھی آڈٹ ہونا چاہیے۔