اسلام آباد : مسلم لیگ ن کے نائب صدر سردار ارزش ساتھیوں سمیت پی ٹی آئی میں شامل ہوگئے اور کہا مستقبل اہل کشمیر اور سفیر کشمیر وزیراعظم عمران خان کا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پیپلز پارٹی کے بعد ن لیگ کو بھی آزاد کشمیر میں بڑا دھچکا لگا، ن لیگ آزاد کشمیر کے نائب صدر سردار ارزش پی ٹی آئی میں شامل ہوگئے۔
اس سلسلے میں چیف آرگنائزر سیف اللہ خان نیازی سے سردارارزش کی ملاقات ہوئی ، ملاقات میں پی ٹی آئی آزاد کشمیر کے صدر سلطان محمودسمیت دیگربھی موجود تھے۔
اس موقع پر سردار ارزش نے ساتھیوں سمیت پی ٹی آئی میں شمولیت کا باضابطہ اعلان کیا ، سردار ارزش مرحوم سابق وزیر بہادر خان کے بھتیجے ہیں۔
سردار ارزش نے کہا وزیراعظم کی قیادت پر غیر متزلزل اعتماد کا اظہار کرتے ہیں، آزاد کشمیر کی حکمران جماعت نے مودی سے محبتیں بڑھائیں، کشمیریوں کا حق خودارادیت چھوڑکرخاندانی کاروبار کووسعت دی گئی۔
مسلم لیگ ن کے نائب صدر کا کہنا تھا کہ اہل کشمیر عمران خان کی قیادت میں جمع ہوچکے ہیں، مستقبل اہل کشمیر اور سفیر کشمیر وزیراعظم عمران خان کا ہے۔
چیف آرگنائزر سیف اللہ خان نیازی نے کہا کہ پی ٹی آئی کاحصہ بننے پر سردار ارزش کا خیر مقدم کرتے ہیں، وزیراعظم عمران خان نے اہل کشمیر پر بھارتی جبر کو بے نقاب کیا، انتخاب میں غیر معمولی کامیابی سمیٹیں گے ،کشمیر کاز آگے بڑھائیں گے۔