اسلام آباد : نااہل نوازشریف کی پارٹی صدر بننے کی راہ ہموار ہوگئی ، ن لیگ کے پارٹی آئین میں ترمیم منظور کرلی گئی۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں مسلم لیگ(ن) کی مجلس عاملہ کا اہم اجلاس قائم مقام صدر سردار یعقوب ناصر کی زیر صدارت پنجاب ہاؤس میں منعقد ہوا، جس میں صدارتی انتخاب اور پارٹی آئین میں ترمیم کی منظوری دیدی ۔
مرکزی مجلس عاملہ نے نااہل نوازشریف پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے پارٹی کی مجلس عاملہ نے نوازشریف کے حق میں قرارداد منظورکرلی، اس قرارداد کی منظوری کے بعد ن لیگ کا کوئی نااہل شخص پارٹی کا سربراہ بننے کیلئے اہل ہوگیا ہے ۔
اجلاس میں حکومت کی کارکردگی پراظہار اطمینان کی قرارداد بھی منظور ہوئی، مرکزی مجلس عاملہ نے نوازشریف کے دور حکومت اور موجودہ حکومت کی کارکردگی کوسراہا۔
مرکزی مجلس عاملہ کے اجلاس میں کشمیر اور روہنگیا کے مسلمانوں سے اظہاریکجہتی کی قرارداد بھی منظور کی گئی جبکہ ایل اوسی پربھارتی جارحیت کی مذمت بھی کی گئی۔
وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سمیت احسن اقبال، امیر مقام، چوہدری تنویر، پیر صابر شاہ اور دیگر اراکین اجلاس میں موجود تھے۔
مزید پڑھیں : الیکشن اصلاحات بل 2017 منظوری کے لیے آج قومی اسمبلی میں پیش ہوگا۔
دوسری جانب صدر مملکت ممنون حسین نے آج قومی اسمبلی کا اہم اجلاس طلب کرلیا ہے، ینیٹ ترامیم کے ساتھ منظور شدہ الیکشن اصلاحات بل 2017 منظوری کے لیے پیش ہوگا۔
یاد رہے کہ حکومت الیکشن بل پہلے ہی سینیٹ سے منظور کرانے میں کامیاب ہوچکی ہے، بل کی اہم ترین شق 203 کو 38 اراکین نے حق میں جبکہ 37 نے مخالفت میں ووٹ دیا، جس کے بعد نواز شریف کے دوبارہ پارٹی صدر بننے کی راہ ہموار ہو گئی تھی۔
بل کی شق 203 میں کہا گیا ہے کہ ہر پاکستانی شہری کسی بھی سیاسی جماعت کی رکنیت اور عہدہ حاصل کرسکتا ہے بلکہ اس کا صدر بھی بن سکتا ہے۔
بل کی قومی اسمبلی سے منظوری اور صدارتی توثیق پر یہ نافذ العمل ہوجائے گا اور نوازشریف کی پھر پارٹی صدر بننے میں رکاوٹیں دور جائیں گی۔
الیکشن بل2017قومی اسمبلی سے منظوری کے بعد اسی دن صدر ممنون حسین کو بھجوائے جانے کا امکان ہے۔