اسلام آباد: وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا ہے کہ عمران خان نے ن لیگ کو توڑنےکی کوشش نہیں کی، میں عمران خان کی جگہ ہوتا تو ن لیگ کو توڑتا، ن لیگ اور پیپلزپارٹی ہماری جیب کی گھڑی اورچھڑی ہیں۔
اے آر وائی نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ عوامی دباؤپراتحادیوں میں ہلکی پھلکی موسیقی لگی رہتی ہے، حکومت کے اندر سے بھی آوازیں اٹھتی رہتی ہیں لیکن کوئی اتحادی حکومت کو چھوڑ کر نہیں جارہا، یہ حکومت پانچ سال پورے کر گی۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان بہت محنت کررہے ہیں لیکن نتائج نہیں آرہے، حکومت کی اہم وزارتیں تو ٹیکنوکریٹس کے پاس ہیں، صنعت پیداوار، بنیادی ضرورت کی وزارتیں آسان نہیں ہوتیں، وزارتوں میں ایسےلوگ ہوں جن کے ہاتھ عوام کی نبض پرہوں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ میرےخیال میں مولانافضل الرحمان نےبہت بڑا اسٹینڈلیا، دھرنادینامعمولی بات نہیں ہوتا، مولانا کی حالیہ ملاقاتیں کچھ اچھی نہیں رہیں، مولاناکوسمجھ نہیں آئی کہ ن لیگ اورپیپلزپارٹی کہیں اورکھڑی ہے، مولانا کے ساتھ ن لیگ اور پیپلزپارٹی نے ہاتھ کر دیا ہے، ن لیگ نے مولانافضل الرحمان کو آگے کر کےاپنےکام آسان کیے، جوبہت چالاک ہوتے ہیں وہ آخر میں مشکل میں آتے ہیں۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ن لیگ اور پیپلزپارٹی ہماری جیب کی گھڑی اور چھڑی ہیں، عوام سڑکوں پر نہ آئیں تو یہ اپوزیشن ہمارےلئے بہت آسان ہے، ن لیگ فری سائز کی جراب ہےجو ہر اقتدار کے پاؤں میں فٹ آجاتی ہے۔
یہ بات مانتاہوں کہ عمران خان کےپاس وہ ٹیم نہیں، عمران خان اتنے بھولے نہیں جتنا لوگ سمجھتےہیں جو یہاں تک پہنچا ہےوہ اتناسادہ نہیں ہے جن کوٹی وی پر زیادہ آناچاہئے وہ نہیں آتے،جن حکومتی ارکان کونہیں آناچاہئےوہ زیادہ آتےہیں۔
آٹے بحران پر ان کا کہنا تھا کہ سردیوں میں روٹیاں زیادہ کھائی جاتی ہیں، تندور والوں کو کہتا کہ پریشان نہ ہوں مسئلہ حل ہوجائےگا، حکومت کو میں نے بتایا تھا کہ گندم کے گودام خالی ہونے والے ہیں، ملک میں شوگر مافیا نے اربوں روپے بنائےہیں۔