لاہور : مسلم لیگ ن نے سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز کے پاسپورٹ کے لئے عدالت سے رجوع کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ مریم نواز کو لندن لے جانے کی خواہش کا اظہار نواز شریف نے کیا تھا۔
تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم نواز شریف کی جانب سے مریم نواز کو لندن لے جانے کی خواہش کے اظہار کے بعد مسلم لیگ ن نے سابق وزیراعظم کی صاحبزادی مریم نواز کے پاسپورٹ کے لئے عدالت سے رجوع کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
مسلم لیگ ن کے وکلا نے مشاورت کے بعد درخواست تیارکرلی ہے ، درخواست کچھ دیر میں باقاعدہ طور پر جمع کرائے جانے کا امکان ہے۔
مزید پڑھیں : میری خواہش ہوگی کہ میں بھی میاں صاحب کے ساتھ جاؤں ، مریم نواز
خیال رہے حکومت نے سابق وزیراعظم نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کا فیصلہ کرلیا ہے ، ذرائع کا کہنا ہے کہ نوازشریف کا نام 48سے 72 گھنٹوں میں ای سی ایل سے نکال دیا جائے گا، نواز شریف کو ایئر ایمبولینس میں بیرون ملک لے جایا جاسکتا ہے جبکہ نواز شریف کی 16 نومبر کو لندن روانگی کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔
اس سے قبل مریم نواز کا کہنا تھا کہ میں ابھی ملک سےباہرنہیں جاسکتی ، میرا پاسپورٹ کورٹ میں جمع ہے، بڑا مشکل ہوگا کہ میاں صاحب باہر چلے جائیں اور میں نہ جاسکوں، میری خواہش ہوگی کہ میں بھی میاں صاحب کے ساتھ جاؤں۔
یاد رہے لاہور ہائی کورٹ نے چوہدری شوگر ملز کیس میں سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز کی درخواست ضمانت منظور کرتے ہوئے مریم نواز کو پاسپورٹ کے ساتھ بطور ضمانت7 کروڑ جمع کرانے کا حکم دیا تھا۔
بعد ازاں عدالتی حکم پر سابق وزیراعظم کی صاحبزادی مریم نواز کا پاسپورٹ اور سات کروڑ کی رقم ہائی کورٹ میں جمع کروا دی گئی تھی۔