مسلم لیگ ن کے رہنما اور وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا ہے کہ ہم بھی جیل گئے لیکن ہم نے وہاں سے چیخیں نہیں ماریں۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق پاکستان مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما اور وفاقی وزیر احسن اقبال نے نارووال میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم بھی جیل گئے تھے لیکن ہم نے وہاں سے چیخیں نہیں ماریں، لیکن ان کی روز جیلوں سے چیخوں کی آوازیں آتی ہیں۔
احسن اقبال نے کہا کہ ایک شخص نے مجھے جھوٹے کیس میں جیل میں ڈالا تھا۔ مجھے تو عدالت نے باعزت بری کر دیا لیکن وہ شخص آج مکافات عمل کا شکار ہے۔ وقت آ گیا ہے کہ ان لوگوں کے چہرے پہچانیں۔ 4 سال ان کی حکومت رہی اور عثمان بزدار وزیر اعلیٰ رہا مگر اس دور میں ترقی کا ایک منصوبہ شروع نہ ہوا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ نواز شریف نے ہمیں ترقی کا سفر پڑھایا ہے۔ ہمیں پاکستان کو ترقی کی طرف لیکر جانا ہے اور اڑان پاکستان پروگرام پاکستان کی ترقی کا سفر ہے، جو شروع ہو گیا ہے۔ اس منصوبے سے غربت اور بے روزگاری ختم کرینگے۔ مضبوط معیشت ہوگی تو عوام بھی خوشحال ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ اعلیٰ تعلیم یافتہ افراد ہی مضبوط معاشرہ تشکیل دے سکتے ہیں۔ ہمیں اپنے بچوں کو لانگ مارچ اور دھرنوں کے بجائے تعلیم یافتہ بنانا ہے۔ انہیں بہترین تعلیم اور کمپیوٹر دیں گے۔ نوجوانوں کو بھی ملکی ترقی میں اپنا کردار ضرور ادا کرنا ہوگا۔