لاہور: آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں طلب کرنے پر مسلم لیگ ن کے رہنما جاوید لطیف نیب لاہور کے آفس میں پیش ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق قومی احتساب بیورو نیب نے آمدن سے زائد اثاثوں کی تحقیقات کے لیے آج طلب کیا تھا جس پر مسلم لیگ ن کے رہنما جاوید لطیف نیب لاہور کے آفس میں پیش ہوئے۔
ذرائع کے مطابق جاوید لطیف نے نیب سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ نیا آرڈیننس آچکا ہے، مجھے کیوں بلایا؟ ہائی کورٹ سے آرڈر لے کر آیا ہوں، مجھے گرفتار کرنے سے 10 دن قبل اطلاع دی جائے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ جاوید لطیف نے کہا کہ میرے پاس اپنے اثاثوں کی تفصیلات ہیں نہ بھائیوں اور خاندان کی، ایک ماہ کا وقت دیں، سوچ کر بتاؤں گا کہ نیب آنا ہے یا نہیں۔
نیب میں پیشی سے قبل میاں جاوید لطیف کا کہنا تھا کہ یہ وہی پوچھ گچھ ہے جو 2000ء میں بھی ہوئی تھی، تب بھی وہی اثاثے تھے اور آج بھی وہی ہیں۔
آمدن سے زائد اثاثوں پر انکوائری سے متعلق ن لیگی رہنما جاوید لطیف کی ممکنہ گرفتاری کے خلاف درخواست پر لاہور ہائی کورٹ میں گزشتہ ماہ سماعت ہوئی تھی۔
نیب کو وارنٹ گرفتاری سے قبل جاوید لطیف کو آگاہ کرنے کا حکم
جسٹس طارق عباسی کی سربراہی میں ہونے والی سماعت میں درخواست گزار کے وکیل نے موقف اختیار کیا تھا کہ نیب نے جائیداد کی تفصیلات مانگی ہیں، جبکہ ان الزامات میں محکمہ اینٹی کرپشن اپنی تحقیقات بند کرچکا ہے۔
درخواست میں استدعا کی گئی تھی کہ نیب انکوائری میں شامل ہو رہا ہوں گرفتاری کا خدشہ ہے، جس پر عدالت نے نیب کو حکم دیا تھا کہ جاوید لطیف کی گرفتاری سے قبل انہیں آگاہ کیا جائے۔