پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کے کارنامے لوگوں نے دیکھ لیے اب اس چیپٹر کو کلوز ہونا چاہیے اور بیلٹ پیپرز پر بلے کا نشان نہیں ہونا چاہیے۔
مسلم لیگ ن کے رہنما رانا تنویر حسین نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام خبر میں میزبان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کے کارنامے لوگوں نے دیکھ لیے اب اس چیپٹر کو کلوز ہونا چاہیے، کسی جتھے کو سیاست کرنے کی اجازت نہیں دینی چاہیے اور بیلٹ پیپرز پر بلے کا نشان نہیں ہونا چاہیے۔
رہنما ن لیگ کا کہنا تھا کہ سوا سال قبل ہمیں حکومت تبدیل کرنے کیلیے اسٹیبلشمنٹ سے کوئی سپورٹ نہیں ملی، ہم سب نے مل کر آئینی طریقہ اختیار کیا اور تحریک عدم اعتماد لائے۔ ملکی مفاد میں اس وقت حکومت لینے کا فیصلہ درست تھا اور اس کی ہم نے سیاسی قیمت بھی ادا کی۔
ان کا کہنا تھا کہ شہباز شریف نے حکومت لے کر جو ٹارگٹ لینا تھا وہ حاصل کیا گیا، ملک کو معاشی بحرانوں سے نکال کر اس کی سمت درست کر دی جس کے بعد یہ بہتری کی جانب گامزن ہے۔
رانا تنویر نے مزید کہا کہ نا اہلی سے متعلق 5 سال کی مدت تھی جو پوری ہو گئی ہے، نواز شریف الیکشن سے قبل وطن واپس ضرور آئیں گے شہباز شریف بھی آئندہ ماہ ان کی واپسی کا کہہ چکے ہیں۔ قائد ن لیگ کو جہاں سے بھی ریلیف ملے اس کے لیے عدالتوں کا دروازہ کھٹکھٹائیں گے اور اپنے خلاف تمام کیسز کا سامنا کریں گے۔