لاہور: مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق رکن صوبائی اسمبلی سیف الملوک کھوکھر کے خلاف اراضی اسکینڈل میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے، ان کے غیرقانونی قبضے سے اربوں روپے کی 80 کنال اراضی واگزار کرالی گئی۔
تفصیلات کے مطابق ضلعی انتظامیہ اور محکمہ اینٹی کرپشن کا گرینڈ آپریشن حتمی مرحلے میں داخل ہوگیا، سیف الملوک کھوکھر کے غیرقانونی قبضے سے اربوں کی 80 کنال اراضی واگزار کرالی گئی۔ حکام کا کہنا ہے کہ واگزار راضی نزول لینڈ قرار دیکر مفاد عامہ کے منصوبوں میں استعمال ہوگی۔
حکام نے بتایا کہ ڈی سی لاہور کی درخواست پر گزشتہ روز اینٹی کرپشن میں پرچہ درج ہوا تھا۔
ایف آئی اے نےکھوکھر برادران کو طلب کرلیا
دوسری جانب وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے نے کھوکھر برادران کو طلب کرنے کا نوٹس جاری کیا ہے، نوٹس سیف الملوک ،محمد شفیع کھوکھر، افضل محمدکھوکھر کو جاری کئے گئے، ایف آئی اے کی جانب سے جاری نوٹس میں کھوکھر برادران کو سات دسمبر کو پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔
نوٹس کے متن میں کہا گیا ہے کہ آپ اور آپ کےبھائی منی لانڈرنگ میں ملوث ہیں، آپ پر غیر قانونی طریقے سے آمدن سے زائد اثاثہ جات بنانے کا بھی الزام ہے، اس کے علاوہ بینکوں میں بھاری رقوم جمع کرانے اور نکلوانے کی وضاحت دیں۔