اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے پمز اسپتال کے امراضِ قلب کے مرکز میں سابق وزیرِ اعظم نواز شریف کی عیادت کی۔
تفصیلات کے مطابق اڈیالہ جیل کے قیدی نواز شریف کی عیادت کے لیے مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف پمز اسپتال گئے جہاں انھوں نے بڑے بھائی کے ساتھ کچھ وقت گزارا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ شہباز شریف نے کارڈیک سینٹر میں نواز شریف کی عیادت کی، وہ عقبی دروازے سے کارڈیک سینٹر میں داخل ہوئے۔
ذرائع نے یہ بھی کہا کہ شہباز شریف اپنے بڑے بھائی کی عیادت کے لیے گئے تو وہ صرف 15 منٹ تک نواز شریف کے ہم راہ کمرے میں موجود رہے۔
واضح رہے کہ دو دن قبل اڈیالہ جیل میں اچانک طبیعت کی خرابی کے باعث قیدی نواز شریف کو پمز اسپتال کے خصوصی وارڈ منتقل کیا گیا ہے۔
نواز شریف کی صحت بہتر ہونے لگی، رپورٹس تسلی بخش قرار
پمز اسپتال اسلام آباد کے پانچ ڈاکٹرز پر مبنی میڈیکل بورڈ نے نواز شریف کی صحت کا تفصیلی معائنہ کیا اور مختلف ٹیسٹ کروائے جن کے نتائج تسلی بخش نکلے ہیں۔
یاد رہے کہ نواز شریف کو پمز اسپتال کے امراض قلب کے پرائیویٹ وارڈ میں رکھا گیا ہے، جسے عارضی طور پر سب جیل قرار دیا گیا ہے۔
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔